نئی دہلی (ملت ٹائمز)
ملک کی معروف تنظیم جمعیة علماءہند (م) کی دہلی یونٹ کے نومنتخب ذمہ دار ان کے اعزاز میں آج الہند جدید تعلیم فاﺅنڈیشن کے زیر اہتمام ڈاکٹر سید فاروق احمد صاحب کے گھر پرکانفرنس ہال میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا۔اس موقع پر جمعیة علماءہند دہلی کے نو منتخب صدر مولانا قاری فاروق مظہر اللہ قاسمی اور جنرل سکریٹری مولانا قاری عارف قاسمی کوشرکاءنے خصوصی مبارکباد پیش کی ۔
ڈاکٹر سید فاروق احمد چیرمین ہمالیہ ڈرگس نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ جمعیة علماءہند ملک کی موقر تنظیم ہے ۔امید کی جاتی ہے کہ ہمیشہ کی طرح نومنتخب ذمہ دار اران پوری فعالیت کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھائیں گے ۔سینئر صحافی منصور آغا نے اپنے صدارتی خطاب میں جمعیة علماءہند کے شاندار ماضی کا تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ آج بھی یہ تنظیم ہندوستانی مسلمانوں کی عزت وآبرو ہے اور آج کے دور میں اس کے دائرہ کارکو بڑھانے کی مزید ضرورت ہے ۔ملت ٹائمز کے ایڈیٹر مفتی شمس تبریز قاسمی نے جمعیة علماءہند کی تاریخ اور اس کے پس منظر پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 1919 میں مفتی کفایت اللہ دہلوی ،مولانا ابوالمحاسن محمد سجا د اور مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی سمیت متعدد اکابرین کی کوششوں سے جمعیة علماءہند کا وجودعمل میں آیاتھا جس نے اپنا سوسالہ سفر مکمل کرلیاہے ۔مولانا جاوید قاسمی نے کہاکہ جمعیة علماءہند ہندوستان کی باوقار تنظیم ہے اور تمام شعبوں میں نمایاں کام کررہی ہے ۔
نومنتخب جنرل سکریٹری مولانا قاری عارف قاسمی نے کہاکہ ہمیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اسے بحسن وخوبی نبھائیں گے اور اکابرین کی امانت جمعیة کے وقار میں مزید اضافہ کریں گے انہوں نے کہاکہ جمیعة کو بلاک اوروارڈ کی سطح پر فعال بنایا جائے گا اور اس پر کام شروع ہوچکاہے ۔نومنتخب صدر مولانافاروق مظہر اللہ قاسمی نے کہاکہ جمعیة علما ہند اول دن سے ہندوستانی مسلمانوں کے حقوق کی جنگ لڑرہی اور مستقبل میں بھی ہم اسے مزید بہتر انداز میں جاری رکھیں گے ۔
اس موقع پر مولانا شاہد قاسمی ۔مولانا داﺅد قاسمی ۔خلیل اللہ مسجد کے امام مولانا یعقوب وغیر ہ نے بھی خطاب کیا جبکہ معروف شاعر متین امروہوی نے نظم پیش کی ۔صدارات کا فریضہ مولانا افروز عالم قاسمی نے انجام دیا ۔قبل ازیں تلاوت قرآن کریم سے مجلس کا آغاز ہوا ۔