موریشس میں بزرگوں کے لئے بین الاقوامی دن کا انعقاد موریشس سے آبیناز جان علی کی رپورٹ 

موریشس میں گذشتہ ۳۰ ستمبر ۲۰۱۸ء کو پانپلے موس ضلع نے بیل مار کے سمندر کے کنارے بزرگوں کے بین الاقوامی دن کو منایا۔ پانپلے موس موریشس کے شمال میں واقع ہے۔ اس ضلع کی آبادی تقریباً ۹۶۶،۱۳۹ ہے اور اس میں ۱۸ گاؤں پائے جاتے ہیں۔

بیل مار موریشس کے وسیع ترین ساحلوں میں سے ایک ہے۔ یہ موریشس کے مشرق میں واقع ہے۔ بزرگوں کے بین الاقوامی دن کے موقع پر سرکارنے بزرگوں کو اپنے اپنے گاؤں سے بیل مار کے سمندر کے لئے مفت سواریاں مہیا کیں۔ بیس بسوں سے بھرے لوگوں نے ان بسوں میں شمال سے مشرق کا راستہ طے کیا۔

بیل مار کے سمندر پر بوڑھے لوگوں کو مفت میں بریانی اور مشروبات تقسیم کئے گئے۔ بزرگوں کے من کو بہلانے کے لئے ثقافتی پراگرام کا انعقاد بھی ہوا۔ اس موقعے کے لئے سفید خیمہ لگایا گیا تھا۔ اسٹیج پر بزرگوں کی دلجوئی کے لئے بالی وڈ فلموں کے ناچ گانوں کے ساتھ ساتھ مقامی بھوجپوری رقص و سرود سے محفل نے خوب رنگ جمایا ۔

موریش ایک فلاحی ملک ہے جہاں ضعیفوں کی کافی بڑی آبادی ہے۔ ملازمت سے سبکدوشی کی عمر ۶۰۔۶۵ سال کی ہے۔ سرکار کی طرف سے ہر ماہ پنشن ملتی ہے۔ بیماراور معذور ضعیفوں کی تیمارداری کرنے والوں کو بھی سرکار مالی معاوضہ فراہم کرتی ہے۔ اس کے علاوہ مفت میں بسوں میں سفر بھی کرپاتے ہیں۔

موسم نہایت خوشگوار تھا اور بزرگ دلکش سمندر سے بھی لطف اندوز ہوپائے۔ سمندر کے کنارے خوشگوار دن گزار کر بزرگ خوشی خوشی گھر لوٹے۔