احمد شہزا ددقاسمی
18 جنوری 2016کو عروس البلاد ممبئی میں امیرِ شریعت سادس حضرت مولانا سید نظام الدین نوّراللہ مرقدہ کی حیات وخدمات پر منعقد ہو نے والے عالمی سیمینار کے موقع پر حضرت مولانا رابع حسنی ندوی قومی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے ہاتھوں؛ملت ٹائمز نیوز پورٹل کا اجراء عمل میں آیا جسکی قیادت و ادارت ہوشمند و حوصلہ مند نوجوان صحافی جناب شمس تبریز قاسمی فرمائیں گے اللہ ملت ٹائمز کو ملت کے لئے نفع بخش بنائے،
یوں تو اس وقت متعدد نیوز پورٹل آن لائن روز ناموں اور ہفت روزوں سے منسلک ہو کر متعدد اہلِ قلم و صحافی حضرات قوم و ملک کی خدمات انجام دے رہے ہیں،لیکن ان کے قلم مصلحت کوشی سے آلودہ ہیں جو صحیح معنی میں ملک و ملت کی تر جمانی نہیں کر سکتے۔کتنے ہی صحافیانِ عظام اور مدیرانِ کرام حرصِ کرم کے لالچ میں ڈوب کر قلم کی آبرو گنوا چکے ہیں، ملت کے مسائل سے چشم پوشی کر کے اربابِ اقتدار کے نورِ نظر بنے ہوئے ہیں اور کتنے ہی بے باک معزز اہل قلم اپنی حق گوئی کی قیمت چکا رہے ہیں (اول الذکر کی مثال ایم، جے، اکبر اور ثانی الذکر کی مثال عزیز برنی کے ناموں سے دی جاسکتی ہے)
اس وقت ضرورت تھی کسی ایسی آواز کی، کسی ایسے بے باک پرچے یا نیوز پورٹل کی، جو مسلمانانِ ہند کے مسائل پر اربابِ حکومت کے رویہ سے جراحتِ دل کا اظہار تسلسل کے ساتھ کرتا رہے،ساتھ ہی ساتھ مسائل کی صحیح نوعیت ملت کے سامنے پیش کرتا رہے، ان کے اسباب بھی روشنی میں لاتا رہے، ان اسباب کے سلسلہ میں اگر کوئی ذمہ داری خود مسلمانوں پر آتی ہے، تو اسے بھی بغیر قیل وقال کے پیرایۂ بیان میں لا یا جائے۔
ملت ٹائمز نیوز پورٹل کے غیرت مند باحمّیت قائد و مدیر نوجوان صحافی معروف کالم نگار جناب شمس تبریز قاسمی صاحب سے میں ذاتی طور سے واقف ہوں، اس لئے مجھے امید ہی نہیں بلکہ یقین ہے کہ ملت ٹائمز آپ کی پر عزم مثالی قیادت میں صحیح معنوں میں ملت کی آواز بنکر اپنی پریشاں حال ملت کی تبدیلی کے لئے جو کچھ سوچا جاسکتاہے، جتنا کچھ لکھا جا سکتا ہے وہ جرأت و بے باکی سے لکھتا رہے گا، ملت کو بیدار کرتا رہے گا ، مسلم مسائل کو اٹھاتا رہے گا۔
شمس تبرہز صاحب کی بے باکی اور حق گوئی سے متأثر ہوکر میں بلاخوف و تردد کہ رہا ہوں کہ آپ کے زیرِ ادارت نیوزپورٹل کی راہ میں نہ کوئی خوف آڑے آئے گا نہ مصلحت کو راہ روکنے دی جائیگی اور نہ ہی کوئی بات چھپاکر کہی جائیگی۔سرکاروں کی تا بعداری اندھی عقیدتوں اور جی حضوری کے حصار کو توڑا جا ئے گا۔
مدیرِ محترم کی سنجیدگی، شرافت، معتدل مزاجی اس بات کی غماز ہے کہ ’’ملت ٹائمز‘‘بھی اپنی رائے میں توازن اور اعتدال پیدا کر کے سنجیدہ اور با وقار حلقوں میں جگہ بنائے گا۔
ہم ملت ٹائمز اور اسکے مدیرِ محترم نیز تمام اراکین و معاونین اور بہی خواہوں کے لئے اس موقع پر نیک خواہشات پیش کرتے ہیں اور دست بدعا ہیں کہ باری تعالی اس نیوز پورٹل کو ملت کے لئے نفع بخش بنائے، مدیر اور اراکین کے لئے ذخیرۂ آخرت،اخیر میں خاص طور سے مدیرِ محترم کے لئے دعا گو ہیں کہ اللہ آپ کی ہمت کے بازوؤں کو قوی رکھے اور ہر قسم کی شر انگیزیوں سے بچائے،اللہ آپ کے دم کو قائم رکھے اور اسی آن بان سے اسی قلندرانہ شان سے اپنے میدانِ جہاد میں جمے رہئے ، ڈٹے رہئے۔
احمد شہزا د قاسمی
میوانوادہ، بجنور، یو پی، انڈیا