مولانا زبیراحمد قاسمی معتبر عالم دین، بڑے محدث اورعظیم فقیہ تھے: مولانا ولی رحمانی جامعہ رحمانی مونگیر میں ختم قرآن اور ایصال ثواب کا اہتمام

مونگیر: (ملت ٹائمز) جیدعالم دین اورجامعہ اشرف العلوم کنہواں سیتامڑھی کے ناظم اعلی فقیہ ملت حضرت مولانا زبیراحمد قاسمی رحمتہ اللہ علیہ کے انتقال پرملال پر خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشیں، امیرشریعت حضرت مولانا سید محمد ولی رحمانی صاحب مدظلہ جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے شدید رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت مولانا زبیراحمد قاسمی رحمتہ اللہ علیہ ملک کے معتبر عالم دین، بڑے محدث اور عظیم فقیہ تھے، اللہ تعالی نے ان سے اشاعت علم دین کی خوب خدمت لی وہ جامعہ رحمانی مونگیر کے موقر استاذ بھی رہے، دارالعلوم سبیل السلام حیدرآباد میں برسوں بخاری شریف کا درس دیتے رہے تقریباً پچاس سالوں سے بھی زیادہ انہوں نے دین اورعلم کی خدمت کی وہ تین نسلوں کے استاذ تھے، ہندوستان کے نامور علماء ان کے شاگردوں میں ہیں وہ بڑے خوش قسمت تھے پڑھتے پڑھاتے اس دارفانی کو چھوڑ گئے۔ حضرت امیر شریعت نے کہا کہ جامعہ رحمانی، خانقاہ رحمانی، امیرشریعت حضرت مولانا منت اللہ رحمانی صاحب رحمتہ اللہ علیہ سے انہیں گہری عقیدت ومحبت تھی۔ ان کاانتقال بیشک علمی دنیا کا عظیم نقصان ہے اللہ تعالی انہیں اپنے جوارِ رحمت میں رکھے اور پسماندگان کو صبرجمیل دے۔

جامعہ رحمانی مونگیر میں ان کے انتقال کی خبر جیسے ہی آئی پورا ماحول سوگوار ہوگیا، ان کے لیے اہتمام کے ساتھ ختم قرآن اور ایصال ثواب کیا گیا جس میں جامعہ رحمانی کے طلبہ، اساتذہ منتظمین کارکنان اور خانقاہ رحمانی کے واردین و صادرین نےشرکت کی۔