مدرسہ اسلامیہ تعلیم القرآن، نبی کریم میں بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا یومِ جمہوریہ کا جشن  

دہلی: سنٹرل دہلی نبی کریم کے معروف تعلیمی و تربیتی ادارہ جامعہ اسلامیہ تعلیم القرآن میں بڑے پیمانے پر اور بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ یومِ جمہوریہ کا جشن منایا گیا۔ پرچم کشائی ناظم مدرسہ مولانا عبد السبحان صاحب قاسمی اور مدرسہ کے سکریٹری جناب حاجی محمد عزیر صاحب نے کیا ۔ مدرسہ کے دو ہونہار طالب علم محمد تبریز اور فیاض احمد نے قومی ترانہ ” سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا “ گاکر ملک سے محبت و یگانگت کا اظہار کیا۔ بعد ازاں جامعہ کے ناظم مولانا عبد السبحان صاحب قاسمی کا یومِ جمہوریہ کے حوالے سے مختصراً تاریخی خطاب ہوا، انہوں نے کہا کہ اپنے ملک اور اپنے دطن عزیز سے محبت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اپنے ملک کی حفاظت و سالمیت اور آزادی کی خاطر پہلے بھی جانیں نچھاور کی ہیں اور ضرورت پڑی تو اب بھی ہم تیار ہیں؛ یہ ملک ہمارا ہے، ہم سب کا ہے۔ وطن عزیز کی آزادی کے لیے ہمارے اکابر نے بڑی بڑی قربانیاں دی ہیں جو تاریخ کے سنہرے اوراق میں محفوظ ہیں ۔ اس موقع پر ہم ملک کے ہر باشندے کو یوم جمہوریہ کی مبارک باد دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے اپنے وطن عزیز میں امن و شانتی اور خوشحالی و سالمیت کے ساتھ ساتھ ملک میں جمہوریت کی بقا اور اس کے تحفظ کے لئے دعا گو ہیں۔

اس یادگار موقع پر جامعہ کے اساتذہ مفتی محمد علی قاسمی، مولانا ظفرصدیقی قاسمی، مولانا ابو نصر قاسمی، مولانا علی اکبر قاسمی، قاری قیام الدین، مولانا غلام ربانی کے علاوہ علاقے کے سرکردہ سماجی شخصیات موجود تھیں، جن میں جامعہ کے روح رواں اور ناظم جناب مولانا عبد السبحان صاحب قاسمی، صدر مدرسہ جناب بھائی محمد شبیر صاحب ، جناب بھائی عبد الجبار صاحب ، مدرسہ کے سکریٹری جناب حاجی محمد عزیر صاحب، محمد فیروز صاحب اور نبی کریم حلقہ کے کاؤنسلر جناب مہیش سینندی (طوطا رام) وغیرہ کے نام خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ سبھی شرکاء نے پروگرام کی جم کر تعریف کیں اور دل سے سراہا ۔