غزہ پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ ، 2 فلسطینی شہید

یہودی آباد کاری اور اراضی پر قبضہ کے خلاف احتجاج میں شدت

غزہ ۔ 26 ۔ جنوری : (ملت ٹائمز – ایجنسیاں) : فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مشرقی رفح میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ غزہ میں ہفتہ وار حق واپسی مظاہروں میں شریک تھے ۔ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہری شہید ہوگیا ۔ فلسطینی شہری یہودی آباد کاری اور اراضی ہتھیانے کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ عرب ٹی وی کے مطابق غزہ کی پٹی پر ہزاروں فلسطینی جمعہ احتجاجی مہم کے دوران اسرائیلی سرحد کے قریب احتجاج کررہے تھے کہ سابق وزیراعظم اور حماس کے سربراہ اسمعیل ہانیہ بھی مظاہرین میں شامل ہوگئے ۔ مظاہرین کی جانب سے سینکڑوں ٹائر اور اسرائیلی جھنڈے جلائے گئے ۔ اس دوران اسرائیلی فورسز کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ اور آنسو گیس کے گولوں کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید اور 22 مظاہرین زخمی بھی ہوئے جن میں بچے اور امدادی کارکن بھی شامل ہیں ۔ غزہ پٹی میں 30 مارچ 2018 سے شروع ہونے والی جمعہ احتجاجی مہم کے دوران 260 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے ۔۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں