پٹنہ: ملک مایہ ناز عالم دین اور امارت شریعہ بہار و جھارکھنڈ و اڑیسہ کے امیر مولانا محمد ولی رحمانی نے آج ایک بیان جاری کرتے ہوئے جھارکھنڈ میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر عائد کردہ حکومتی پابندی پر اپنی نااتفاقی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ”میڈیا کے ذریعہ مجھے پتہ چلا کہ جھارکھنڈ حکومت نے ایک سرکاری نوٹس جاری کرکے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کی سرگرمیوں پر دوبارہ پابندی عائد کر دی ہے۔ ریاستی حکومت نے گذشتہ مرتبہ بھی بڑی جلدبازی میں جھوٹے اور من گھڑت الزامات کو بنیاد بنا کر تنظیم پر پابندی عائد کر دی تھی، جسے بعد میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے ذریعہ کالعدم قرار دیا گیا۔ ریاستی حکومت نے مختلف زیادتیوں کے شکار عوام کی آواز کو دبانے کے مقصد سے ایک بار پھر بے بنیاد الزامات کی بنا پر تنظیم پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا سرکاری دہشت گردانہ کاروائیوں کے شکار لوگوں کی حمایت کرتی آئی ہے اور یہ پابندی اسی حمایت کو روکنے کے لیے عائد کی گئی ہے۔“
مولانا ولی رحمانی نے ریاسی حکومت کے اس قدم کو حددرجہ قابل مذمت عمل قرار دیتے ہوئے اسے عوام، دستور اور ہر ایک کے لیے انصاف کے تصور کے خلاف بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ” مجھے اس بات پر سخت تکلیف محسوس ہوتی ہے کہ ملک بھر میں سنگھ پریوار کے زیر اثر بی جے پی کی ماتحت ریاستیں جان بوجھ کر اس طرح کی صورتحال پیدا کر رہی ہیں۔“ مولانا نے مزید کہا کہ فرقہ وارانہ طاقتوں کے نفرت پھیلانے اور سماج کو تقسیم کرنے کے ایجنڈے کے تحت پاپولر فرنٹ آف انڈیا جیسی تنظیموں کو بدترین قسم کی غیرقانونی کاروائیوں اور اقتدار کے غلط استعمال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔