نئی دہلی: پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین ای ابوبکر نے کشمیر میں شری نگر – جموں ہائی وے پر ہوئے دہشت گردانہ واقعے پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے، جس میں کم از کم ۷۳/جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پسماندگان کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا: ”اس حملے میں ہم نے اپنے بہادر جوانوں کو کھو دیا ہے، اس حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ سالوں میں جموں و کشمیر میں پرتشدد وارداتوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہ معاملہ شدید تشویش کا باعث ہے۔ اس سیاق میں یہ واقعہ اور بھی زیادہ سنگین ہو جاتا ہے کیونکہ یہاں خفیہ ذرائع کے باوجود اتنی بڑی حفاظتی غلطی ہوئی ہے۔
ای ابوبکر نے یہ مطالبہ کیا کہ آئندہ انتخابات کو دیکھتے ہوئے اس واردات کا غلط استعمال کرکے کوئی سیاسی فائدہ اٹھانے کے بجائے، اس پورے معاملے کی باریکی سے جانچ کی جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں کہ مستقبل میں دوبارہ ایسی دردناک واردات سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ انہوں نے یہ بھی یاددہانی کرائی کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ مناسب سیاسی اقدامات کے ذریعہ کمشیر کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔