حدیثِ رمضان المبارک (پہلا روزہ )

مولانا عبد اللہ سلمان ریاض قاسمی معروف اسلامک اسکالر اور دارالعلوم دیوبند کے جواں سال فاضل ہیں ،زبان وادب اور صحافت سے سے دلچسپی رکھنے کے ساتھ مذہبی امور میں وہ مہارت تامہ رکھتے ہیں،گذشتہ کئی سالوں سے آپ کا مرتب کردہ مضمون’’ حدیث رمضان ‘‘عوام وخواص میں دلچسپی کے ساتھ پڑھاجارہاہے اور مختلف اخبارات اسے اہتمام کے ساتھ شائع کرتے آرہے ہیں ، سال رواں ملت ٹائمز اپنے خاص کالم ’رمضان اسپیشل میں سلسلہ وار یہ مضمون شائع کرنے کی سعاد ت حاصل کررہاہے (ادارہ)

حدیثِ رمضان المبارک (پہلا روزہ )
عبد اللہ سلمان ریاض قاسمی
رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں جو عبادتوں کا اہم مہینہ ہے ۔ آپ کے سامنے رمضان المبارک سے متعلق حدیثیں پیش کی جارہی ہیں ، امید ہے کہ آپ حضرات اسے قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے اور حتی الامکان اس پر عمل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس سلسلے کی پہلی کڑی کے طور پر دو حدیثیں اس مضمون میں پیش کی جارہی ہیں۔
اس ماہ مقدس کی اہمیت کاا ندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ :آپؐ نے فرمایا: اِذا دَخَلَ رَمَضَانُ فُتِحَتْ اَبْوابُ السَّمَاءِ وَغُلِّقَتْ اَبْوَابُ جَہَنَّمَ وَسُلْسِلَتِ الشَّیَاطِیْنُ۔ جب رمضان آتا ہے تو آسمان کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں اورجہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اورشیاطین قید کردیئے جاتے ہیں۔
اور ایک روایت میں ہے کہ :اِذَا جاَءَ رَمَضاَنُ فُتِحَتْ اَبْوابُ الجَنَّۃِ ۔(بخاری ومسلم)جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔
حضرت شاہ ولی اللہ صاحب محدث دہلوی حجۃ اللہ البالغہ میں اس حدیث کی تشریح کرتے ہوئے لکھتے ہیں : 249249 روزہ چوں کہ ایک عمومی اور اجتماعی شکل کی حیثیت رکھتا ہے، اس لئے وہ رسوم کی دسترس سے محفوظ ہے، اگر کوئی جماعت اور قوم اس کی پابندی کرتی ہے تو اس کے لئے جنت کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ،جہنم کے دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اورشیاطین قید کردیئے جاتے ہیں۔دوسری جگہ لکھتے ہیں: 249249 مسلمانوں کے مختلف طبقوں اور مختلف جماعتوں کا ایک وقت میں ایک چیز پر اجماع اور اجتماع جس میں سب ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں روزہ کو ان کے لئے آسان بنادیتا ہے، اور اس سے ان کی بہت ہمت افزائی ہوتی ہے۔
اسی طرح ان کی یہ اجتماعیت خواص و عوام دونوں کے لئے ملکوتی برکتوں کے نزول کا باعث ہے اس میں اس کا امکان بھی بڑھ جاتاہے کہ ان کے کاملین و واصلین پر جو انوار نازل ہوں وہ ان سے نیچے والوں کو بھی فیضیاب کرتے جائیں اور ان کی دعائیں ان کے پیچھے والوں تک پہونچتی رہیں۔،، (افادات از: ارکانِ اربعہ)
اللہ تعالیٰ نے بہت سے مہینے بنائے مگر جوفضیلت رمضان المبارک کو ملی وہ دوسرے مہینوں کونہیں ملی ، اس متبرک مہینہ میں اللہ تعالیٰ نے اپنی مقدس کتاب قرآن کو نازل فرمایا۔اسی مہینہ میں اللہ تعالیٰ نے لیلۃ القدر جیسی نعمت عطا فرمائی۔ یہ ماہِ رمضان اللہ تعالیٰ کی خاص رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔یہ صبر ، فراخی رزق ، ایک دوسرے سے خیر خواہی کا مہینہ ہے۔
یہ ماہِ مقدس ہر سال اپنی گوناگوں خصوصیات کے ساتھ آتا ہے اور چلا جاتا ہے۔ لیکن خوش نصیب ہیں وہ لوگ جو اس ماہ مقدس کو پاتے ہیں اور اپنے رب سے اپنے گناہوں کو بخشوالیتے ہیں۔ اور اپنی مغفرت کا پروانہ حاصل کرلیتے ہیں۔اور بد نصیب ہیں وہ لوگ جو اس ماہ مقدس کو لہو و لعب اور شیطانی کاموں کے نذر کردیتے ہیں اور بعد میں کفِ افسوس ملتے ہیں۔(رمضان اسپیشل ملت ٹائمز)
Mobile: 9341378921
salman_pbh@rediffmail.com