کل 90 کروڑ شہری الیکشن 2019 میں استعمال کریں گے رائے دہی کا حق ۔18 سے 19 سال تک کے ووٹروں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ

نئی دہلی (ملت ٹائمز)
لوک سبھا انتخابات کی تاریخوں کا آج الیکشن کمیشن نے پریس کانفرنس کرکے اعلان کردیاہے ۔ یہ انتخاب سات مرحلوں میں ہوگا اور 23 مئی کو نتیجہ سامنے آئے گا ۔11اپریل کو پہلا مرحلہ ہوگا اور 19مئی کو ساتواں اور آخری مرحلہ ہوگا ۔
چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے کہا، ”پہلے مرحلہ کے لئے پولنگ 11 اپریل، دوسرے مرحلہ کے لئے 18 اپریل، تیسرے مرحلہ کے لئے 23 اپریل، چوتھے مرحلہ کے لئے 29 اپریل، پانچویں مرحلہ کے لئے 6 مئی، چھٹے مرحلہ کے لئے 12 مئی اور ساتویں مرحلہ کے لئے ووٹنگ 19 مئی کو ہوگی۔ اس کے بعد 23 مئی کو لوک سبھا انتخابات کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ
انتخابات کی تاریخوں میں فصلوں کی کٹائی اور امتحانات کا بھی خیال رکھا گیا ہے تاکہ کسی کو دقت نہ ہو۔
انتخابات کو لے کر محکمہ انکم ٹیکس سے بھی گفتگو کی گئی ہے۔
اس مرتبہ 84 ملین ووٹرو بڑھے ہیں اور کل 90 کروڑ ووٹر اس مرتبہ ووٹ ڈال سکیں گے۔
18 سے 19 سال تک کے ووٹروں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ ہے۔
ووٹر 1590 پر فون یا ایس ایم ایس کے ذریعہ اپنا نام ووٹنگ لسٹ میں چیک کر سکتے ہیں۔
پولنگ میں استعمال ہونے والی ای وی ایم پر تمام امیدواروں کی تصویر موجود ہوگی۔
کل 10 لاکھ بوتھوں پر حق رائے دہی کا استعمال کیا جائے گا۔
پولنگ اسٹیشن پر پانی، بیت الخلا اور بجلی کا انتظام رہے گا۔
اس انتخاب میں نوٹا (تمام امیدواروں کے تئیں ناپسندیدگی ظاہر کرنا) بھی موجود رہے گا۔
تمام الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ساتھ وی وی پیٹ (ووٹر ویریفائیبل پیپر آڈٹ ٹریل) مشین نصب رہے گی۔
ملک بھر میں آج سے مثالی ضابطہ اخلاق نافذ ہو جائے گا، جس کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔
لاوڈ اسپیکر کے استعمال پر نظر رکھی جائے گی اور طے شدہ مدت کے اندر ہی اس کے استعمال کی اجازت ہوگی۔
تمام حساس تقاریب کی ویڈیوگرافی کی جائے گی اور غیر جانب دارانہ پولنگ کے لئے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔
تمام امیدواروں کو اپنے مجرامانہ ریکارڈ کی معلومات دینی ہوگی۔
کچھ ریاستوں کے لئے خصوصی انچارج بھی مقرر کئے گئے ہیں۔
چناو میں ای وی ایم کی پی ای ایس ٹریکنگ بھی کی جائے گی۔
حساس علاقوں میں نظم و نسق کی صورت حال برقرار رکھنے کے لئے سی آر پی ایف کی بھی تعیناتی کی جائے گی۔