لکھنو(ایم این این )
لوک سبھا انتخابات کے لئے امیدواروں کے انتخاب میں کافی حساسیت کا مظاہرہ کر رہی سماجوادی پارٹی (ایس پی) نے جمعہ کے روز اتر پردیش کے لئے امیدواروں کی چوتھی فہرست بھی جاری کر دی ہے ۔
پارٹی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق ونود کمار عرف پنڈت سنگھ کو گونڈہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ رام ساگر راوت کو بارہ بنکی (ریزرو) سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ مسلم اکثریتی علاقہ کیرانہ پارلیمانی حلقے سے تبسم حسن پر ایک بار پھر پارٹی نے پھروسہ جتایا ہے، وہیں سنبھل علاقے سے شفیق الرحمان برق ایس پی کے ٹکٹ سے میدان میں ہوں گے۔ غازی آباد پارلیمانی حلقے سے پارٹی نے سریندر کمار عرف منی شرما کو میدان میں اتارا ہے۔
تبسم حسن نے کیرانہ میں ہوئے ضمنی انتخاب میں راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) کے نشان پر بی جے پی کو شکست دی تھی۔ سال 2014 میں کیرانہ میں بی جے پی کے حکم سنگھ نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن حکم سنگھ کے انتقال کے بعد بی جے پی نے ضمنی انتخاب میں ان کی بیٹی مرگانگا سنگھ کو امیدوار بنایا تھا، جو تبسم حسن سے ہار گئی تھیں۔
قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی ایس پی سے اتحاد کے تحت ایس پی 37 اور بی ایس پی 38 سیٹوں پر اپنے امیدوار میدان اتار ہی ہے۔ راشٹریہ لوک دل کو بھی اس اتحاد میں شامل کیا گیا ہے جو کہ تین سیٹوں پر اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی۔