الیکشن 2019: پہلے مرحلہ کی 91 سیٹوں پر نامزدگی کا عمل آج سے شروع




جن 91 لوک سبھا سیٹوں پر پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی ان میں سے 8 سیٹیں اتر پردیش میں ہیں۔ چیف الیکشن افسر ونکٹیشور لو نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کی 8 سیٹوں پر نامزدگی داخل کرنے کا عمل آج سے شروع ہو جائے گا۔
لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلہ کے لیے نامزدگی کا عمل آج سے شروع ہو گیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے لیے 20 ریاستوں اور مرکز کے ماتحت ریاستوں کی 91 سیٹوں کے لیے امیدوار نامزدگی داخل کریں گے۔ پہلے مرحلہ کے لیے نامزدگی کی آخری تاریخ 25 مارچ ہے۔ 26 مارچ کو داخل کیے گئے سبھی پرچہ نامزدگی کی جانچ ہوگی اور 28 مارچ تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔
91 سیٹوں میں سے اتر پردیش کی 8 سیٹوں کے لیے بھی نامزدگی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے۔ چیف الیکشن افسر ونکٹیشور لو نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کی 8 سیٹوں پر نامزدگی آج سے شروع ہو جائے گی۔ امیدواروں کو نامزدگی کے لیے صرف چار دن ہی ملیں گے۔ لو نے بتایا کہ 20 اور 21 مارچ کو ہولی کی چھٹی رہے گی جب کہ 23 مارچ کو ہفتہ اور 24 مارچ کو اتوار کی چھٹی رہے گی۔ اس کے سبب امیدواروں کی پرچہ نامزدگی کی جانچ 26 مارچ تک ہوگی۔ 28 مارچ کو دوپہر 3 بجے تک نام واپس لیے جا سکیں گے۔
غور طلب ہے کہ اتر پردیش میں پہلے مرحلے میں سہارنپور، کیرانہ، مظفر نگر، بجنور، میرٹھ، باغپت، غازی آباد اور گوتم بدھ نگر کی سیٹوں پر لوک سبھا انتخابات ہونے ہیں۔ اس بار لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لیے 7 مراحل میں پولنگ کرائے جانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن نے لیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے لیے 91 سیٹوں پر 11 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ کے تحت آندھرا پردیش کی سبھی 25، اتر پردیش کی 8، مہاراشٹر کی 7، آسام اور اتراکھنڈ کی 5-5، بہار اور اڈیشہ کی 4-4، اروناچل پردیش، میگھالیہ، مغربی بنگال اور جموں و کشمیر کی 2-2، چھتیس گڑھ، میزورم، سکم، تریپورہ، منی پور، انڈمان نکو بار جزائر اور لداخ کی 1-1 لوک سبھا سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *