پے ٹی ایم کیش بیک ، گوگل اشتہارات ، کلک پر پیسہ اور منافع بخش اسکیم ، فرنچائز کے جواز پر ہوں گے فیصلے ۔
نئی دہلی ( پریس ریلیز)
شریعت کی روشنی میں جدید مسائل بالخصوص انٹرنیٹ اور موبائل سے جڑی ہوئی آن لائن تجارت، گوگل ایڈ سنس اشتہارات ، کلک کرنے پر معاوضہ، پے ٹی ایم کیش بیک ، فرنچائز وغیرہ پر شرعی احکام طے کرنے کے لیے مباحث فقہیہ جمعیۃ علماء ہند کا سہ وزہ فقہی اجتماع مدنی ہال صدر دفتر جمعیۃ علماء ہند نئی دہلی میں 27مارچ بروز بدھ سے شروع ہورہا ہے جو 29مارچ کی دوپہر تک جاری رہے گا ۔
ماضی میں انٹرنیٹ اور ٹیلی ویژن، میڈیکل انشورنس، بے بی ٹیوب جیسے اہم مسئلے پر تاریخی فیصلے کے لیے مشہور’ ادارہ مباحث فقہیہ جمعیۃ علماء ہند ‘کے اس پندرہویں اجتماع میں کل چار موضوعات طے کئے گئے ہیں جن میں انٹرنیٹ کے ذریعہ لین دین کی چند جد ید شکلیں،موبائل ایپلی کیشن کے ذریعہ ٹیکسی وغیرہ کرایہ پر لینے کی ایک نئی شکل ،سرکاری و غیر سرکاری چند منافع بخش اسکیموں اور فرنچائز کے شرعی احکام شامل ہیں ۔
اس اجلاس میں امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند، مفتی سعید احمد پالن پوری شیخ الحدیث دارالعلو م دیوبند،مولانا برہان الدین سنبھلی دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو ،،مولانا نعمت اللہ اعظمی استاذحدیث دارالعلوم دیوبند، مولانا عتیق الرحمن بستوی ، مفتی شبیر احمد قاسمی شیخ الحدیث جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد،مفتی محمد سلمان منصورپوری استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد جیسے ملک کے کئی نامور فقہا شریک ہوں گے ۔
اس پر وگرام کے روح رواں اور جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ اس میں زیر بحث سوالات و مباحث کے تعلق سے ایسے فیصلے لیے جائیں گے جن سے ان لو گوں کو ( ان شاء اللہ ) روشنی اور رہنمائی ملے گی جو متعلقہ کاروبار سے جڑے ہوئے ہیں اور شریعت کی روشنی میں درپیش مسائل کا حل چاہتے ہیں ۔
مباحث فقہیہ کے ناظم مولانا معزالدین احمد نے بتایا کہ اس اجتماع میں مذکورہ چار موضوعات کے تحت کئی اہم ذیلی مسائل ہیں، جو روزمرہ پیش آتے ہیں۔ بالخصوص پے ٹی ایم کیش بیک، اشتہار کے لیے جی میل وغیرہ کے مرکزی صفحات کی خرید و فروخت، گوکل ایڈ سنس ،کلک کرنے پر معاوضہ ، اولا، اوبیر وغیرہ کے ذریعہ کاڑی بک کرنے کا مسئلہ بالخصوص گاڑی مالک اور ڈرائیور کو ملنے والے بونس ، بکنگ منسوخ کرنے کی صورت میں کمپنی کا جرمانہ وصول کرنا ، اس کے علاوہ اعلی تعلیم کے لیے آسان قسطوں پر قرض اسکیم ، اکسس بینک کی طرف تعلیم کے لیے اسکیم ، بچیوں کی پیدائش پر خالص تعاون کی اسکیم ، مویشی پالن اسکیم ، ڈیبیٹ کارڈ استعمال کرنے پر منافع اسکیم ، کسی کارپوریشن یا ریاست کی مکمل رکنیت یا صنعتی ادارے کے نام کو استعمال کرنے کے فرنچائزجیسے مسائل پر مقالہ پیش کیے جائیں گے اور پھر علماء اور فقہاء کی کمیٹیاں فیصلہ کریں گی