اب نتیش کمار نے برداری کے نام پرووٹ مانگا، اعلیٰ ذات کے ووٹروں پرتوجہ

پٹنہ15 اپریل (آئی این ایس انڈیا)
بہار میں دوسرے مرحلے کے لئے جمعرات کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ جن میں پانچ لوک سبھا حلقوں میں ووٹ ڈالے جانے ہیں،اس میں تمام سیٹوں پر جنتا دل یونائیٹڈ کے امیدوار میدان میں ہیں۔ وزیر اعلی اور جنتا دل یونائٹیڈ کے قومی صدر نتیش کمار ان پانچوں لوک سبھا علاقوں میں زو رشو رکے ساتھ انتخابی تشہیر کررہے ہیں ۔ پیر کو انہوں نے کہا کہ اعلیٰ برادری طبقہ کے لوگوں کو ہم نے کبھی نظر انداز نہیں کیا۔ مانا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمارنے یہ بیان مذکورہ پانچ علاقوں میں اعلیٰ برادری کے لوگوں کے درمیان ان امیدواروں کے تئیں جوش کمی کے پیش نظر دیا ہے۔ نتیش نے یہ بات بانکا لوک سبھا حلقہ میں کہی۔واضح طور پر اس بیان کے پیچھے نتیش کا مقصد یہ ہے کہ ووٹنگ کے دن اعلیٰ برادری کے لوگ بڑی تعداد میں ان کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔نتیش نے بانکا لوک سبھا علاقے میں انتخابی تشہیر کی ۔اس سیٹ پر نتیش نے اپنی پارٹی کے ممبر اسمبلی گردھاری یادو کو امیدوار بنایا ہے۔ اعلی برادی کے لوگوں کے لئے کئے گئے اپنے کام کا حوالہ دیتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ جب سے ان کی حکومت بنی ہے، اس کے بعد سے اعلیٰ برادری کمیشن قائم کر کئی اسکیمیں چلائی جا رہی ہیں، جس کا فائدہ انہیں ملا ہے۔