کانپور(پریس ریلیز)
سری لنکاکے چرچوں اور ہوٹلوں میں ہوئے خودکش بم دھماکوں کی مذمت کیلئے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی قاضی شہر کانپورکی قیادت میں معززین شہر نے آج سول لائنس واقع ایل ایل جے ایم میتھا ڈسٹ چرچ پہنچ کر ’پریئر‘ کے بعد عیسائی سماج کے لوگوں سے ملنے کے بعد ان سے اظہار تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پرہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد جمیل نے کہا کہ مذہب اسلام میں ایک انسان کو مارنا گویا پوری انسانیت کو مارنا اور ایک انسان کوبچانا گویا پوری انسانیت کی حفاظت کرنے کی تعلیم دی گئی ہے۔ سری لنکا میں ہونے والا حملہ پوری انسانیت کے اوپر بہت بڑا بدنما داغ ہے۔ ہر مذہب امن اور شانتی کا پیغام دیتا ہے۔ تہوار کے موقع پر کئے گئے حملوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،غم کی اس گھڑی میں ہم اپنے تمام عیسائی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
جمعیۃ علماء کے ریاستی صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی قاضی شہر کانپورنے موجود تمام عیسائی مذہب کے ماننے والوں کے سامنے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ کسی مذہب کا بھی تہوار ہووہ امن اور شانتی لے کر آتا ہے،آدمی خوشی مناتا ہے،خوشیاں بانٹتاہے،آدمی اَشانتی پھیلانا تو کیا اس کے بارے میں سوچتا بھی نہیں، ایسٹرجس دن لوگ خوشی منا رہے تھے اور اپنی مناجات میں مشغول تھے اُس دن اور اُس جگہ پر حملہ انتہائی گھناؤنی اور قابل مذمت حرکت ہے۔ مولانا نے کہا کہ حملہ اگر عام دنوں میں کیا جائے تو بھی بڑا جرم ہے لیکن اگر ایسٹر کے دن جو آپ کااہم تہوار ہے ایسے موقع پر کیا گیا حملہ اور بھی زیادہ بڑا جرم ہو جاتا ہے۔ ایسٹر کے دن ہونے والے اس حملے سے ہمیں دلی تکلیف پہنچی ہے،اسی لئے ہم سب لوگ آج اپنے شہر کے عیسائی بھائی بہنوں کے سامنے اپنے دکھا کااظہار کرنے آئے ہیں،صدیوں سے اس ملک میں ہم سب لوگ مل کر ساتھ رہتے آئے ہیں، آگے بھی ہمیشہ اسی طرح مل کر ہیں گے۔ مولانا نے کہا کہ ہم سب ہمیشہ پوری دنیا میں بد امنی پھیلانے والوں کے خلاف ہیں خاص کر ملک کو توڑنے اور کمزور کرنے والی طاقتوں کی مخالفت کرتے رہے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے، سبھی لوگ شانتی کو ختم کرنے والی طاقتوں کے خلاف رہیں گے اور ان کی گھناؤنی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ مولانا نے موجود سبھی لوگوں کو عہد دلایا کہ ناپاک ذہنیت کے لوگوں سے دور رہیں، ہر برائی کے خلاف لڑیں اور ہر اَچھائی کا ساتھ دیں۔
میتھاڈسٹ چرچ کے پریسٹ انچارج پاسٹر جے جے اولیور نے کہا کہ آج نہ صرف میرا بلکہ میرے ساتھ جتنے بھی لوگ ہیں سبھی کا دل غمگین ہے، ہم اس بات سے خوش ہیں کہ ہمارے شہر کے معزز مسلم بھائی جو اسلام کو مانتے ہیں وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ ہم سب لوگ ہندوستان میں رہتے ہیں، ہم سب ایک ہیں، کہیں بھی اگر انسانیت پر حملہ ہوتا ہے تو اس کا سامنا بھی ہم سب مل کر کریں گے۔ آخر میں پاسٹر صاحب نے آئے ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل پریئر کے دوران انہوں نے چرچ میں موجود تمام لوگوں سے بھی کہا کہ اس وقت جس طرح ہم دکھی ہیں اسی طرح ہمارے مسلم بھائی بھی دکھی ہیں۔
اس موقع پر معزز علماء، وکلاء، ڈاکٹر، سماجی خدمتگاروں نے مشترکہ طور پر پہنچ کر مسیحی سماج سے اظہار یکجہتی کیا۔ قاضی شہر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی اور پاسٹر جے جے اولیور کے ساتھ سید آصف علی، این کے تیواری، ڈاکٹر محمدجمیل، ڈاکٹر ایس اے عثمانی، اول وِند سنگھ،ڈاکٹر مستجاب،گورو لاین،مولانا محمد انیس خاں قاسمی،ڈاکٹر محمد اظہار، مولانا فرید الدین قاسمی،مسٹر پیٹر پال، ڈاکٹر شاہد، اروند سولومن،مولانا محمد بلال ثاقبی، اسمارٹ روسٹن،مولانا محمد عارف ثاقبی، مسٹر کے پی سنگھ، مولانا محمد حاتم قاسمی، مولانا محمد مدثرقاسمی، شاہد وسیم، محمد خالد،سکندر علی صدیقی، محمد ندیم کے علاوہ کثیر تعداد میں عیسائی مذہب کے ماننے والے لوگ موجود تھے۔