عمران خان نے نریندر مودی کو پیش کی مبارکباد ۔ جنوبی میں ایشا میں امن ،ترقی اور خوشحالی کیلئے ساتھ کام کرنے کا عزم

اسلام آباد (ملت ٹائمز)
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کو الیکشن جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں عمران خان نے بی جے پی اور ا±س کے اتحادیوں کی جیت پر مبارک دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ مودی کے ساتھ جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے حوالے سے پرامید ہیں۔
پاکستانی وزیراعظم کی طرف سے مبارک باد کا یہ پیغام ایسے وقت میں آیا ہے جب جمعرات تیئیس مئی کو ہی پاکستان نے شاہین دوئم کہلانے والے اپنے ایک بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ میزائل زمین سے زمین پر مار کرتے ہوئے ڈیڑھ ہزار میل کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ میزائل کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ میزائل پاکستان کی اسٹریٹیجک ضروریات کو پورا کرتے ہوئے خطے میں استحکام کو یقینی بنانے میں بھی مدد دے گا۔
بیلسٹک میزائل کے تجربے اور عمران خان کے پیغام سے قبل پاکستان کی جانب سے آج جمعرات کو ہی یہ اشارہ بھی سامنے آیا ہے کہ وہ بھارت کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ یہ بات ایسے وقت پر کہی گئی جب بھارتی پارلیمانی الیکشن میں وزیر اعظم نریندر مودی کی پارٹی کو واضح اکثریت سے کامیابی ملی ہے ۔
اسی دوران بدھ بائیس مئی کو پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے ساتھ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس کے حاشیے میں مختصر سی ملاقات کی تھی۔ دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات وسطی ایشیائی ریاست کرغیزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہوئی۔
اس ملاقات کے بعد بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کبھی تلخی سے بات نہیں کی ہے بلکہ ہمیشہ اس کی کوشش کی ہے کہ اچھے ہمسایوں کی طرح رہا جائے۔ انہوں نے تمام حل طلب معاملات کو باہمی بات چیت کے ساتھ حل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ بشکیک میں ہونے والی ملاقات میں بھارتی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو سویٹس کا تحفہ بھی دیا۔