راہل گاندھی کے استعفی کی پیشکش مسترد ۔ وہ گاندھی خاندان کے علاوہ کسی اور کو صدر بنا نے پر تھے بضد

نئی دہلی 25مئی ( آئی این ایس انڈیا )
کانگریس صدر عہدے سے استعفیٰ کی راہل گاندھی کی پیشکش کو کانگریس ورکنگ کمیٹی نے مسترد کر دیا ہے۔ راہل گاندھی پارٹی صدر عہدے سے استعفی دینے پر بضدتھے اور چاہتے تھے کہ گاندھی خاندان سے کوئی شخص کانگریس کا صدر نہیں بنے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ راہل گاندھی نے کہا کہ آپ لوگ میری جگہ پرینکا گاندھی کا بھی نام نہ لیں۔ گاندھی خاندان سے الگ کسی شخص کو کانگریس پارٹی کا صدر بنایا جائے۔ راہل گاندھی کافی دیر تک استعفیٰ دینے کی بات پر اڑے رہے، لیکن بعد میں ان کے استعفے کی پیشکش کو ورکنگ کمیٹی نے مسترد کر دیا،مگر ورکنگ کمیٹی کے ارکان نے متفقہ طور پر اور ایک لہجہ میں اسے مسترد کرتے ہوئے کانگریس صدر کا اعلان کیا کہ منفی حالات میں پارٹی کو راہل گاندھی کی قیادت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے کانگریس صدر راہل گاندھی کو ملک کے نوجوانوں، اقلیت، کسانوں، خواتین، پچھڑوں، غریبوں، مظلوم اور غریب کے مسائل کے لئے آگے بڑھ کر نبرد آزما ہونے کی اپیل کی۔بہرحال لوک سبھا انتخابات میں مبینہ شکست کی وجوہات پر غور وفکر کے لئے کانگریس کی سپریم پالیسی ساز یونٹ کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی ہفتہ کو ہوئی میٹنگ ختم ہو گئی ہے۔