وزیراعظم کی حلف برداری تقریب۔پنتھرس سربراہ کی پاکستان کوبھی مدعو کرنے کی اپیل،صدر سے مداخلت کی درخواست

جموں 28مئی(آئی این ایس انڈیا)
نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر ایکزیکیو رکن پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ رامناتھ کووند سے درخواست کی ہے کہ وہ وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں پاکستان کو مدعوکیے جانے کے لیے مداخلت کریں۔پنتھرس سربراہ نے صدر جمہوریہ کو لکھے خط میں ان پر زور دیا کہ وہ 30مئی 2019کو راشٹرپتی بھون میں ہونے والی وزیراعظم نریندر مودی کی حلف برداری تقریب میں دیگر پڑوسی ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی مدعوکیاجائے۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ نامزد وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ شام کو اعلان کیا کہ’پڑوسی پہلے‘لیکن اسی دن وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب کے مدعوئین پڑوسی ممالک کی فہرست سے پاکستان کا نام کاٹ دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ عزت ماب صدر میں ان کروڑوں ہندستانیوں میں سے ایک ہوں جو اس معاملہ میں آپ کی مداخلت کا خواہاں ہوں اور چاہتا ہوں کہ پاکستان کو بھی دیگر پڑوسی ممالک کی طرح عزت دارانہ طریقہ سے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیا جائے۔قومی اور بین الاقوامی میڈیا کو پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم/حکمراں پارٹی کو پاکستان کے وزیراعظم سے کوئی پریشانی ہے تو وہاں کے صدر کو مدعو کیا جائے۔ پاکستان کو مدعوئین کی فہرست میں نہ رکھنا نہ صرف قومی مفاد میں ہے اور نہ ہی پاکستان کے لوگوں کو ہندستان کے امن اور بھائی چارہ کے پیغام کے حق میں۔