سعودی عرب کے ’ابھا ایئر پورٹ‘ پرحوثی باغیوں کاایک اور ڈرون حملہ، ایک شخص جاں بحق،8 زخمی

مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 10 منٹ پر ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوںنے ابھا ہوائی اڈے کودہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے ابھا ہوائی اڈے کے مسافروں، مقامی شہریوں اور غیرملکی باشندوں کی زندگیوں کوخطرے میں ڈالنے کی مجرمانہ کوشش کی ہے کیونکہ روزانہ اس ہوائی اڈے سے ہزاروں افراد سفر کرتے ہیں
ریاض(ایم این این ملت ٹائمز)
یمن کے حوثی دہشت گردوں نے اتوار اورپیر کی درمیانی شب سعودی عرب کے ابھا شہر میں قائم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ڈرون طیارے سے حملہ کیا جس کے نیتجے میں ایک شامی شہری جاںبحق اور کم سے کم آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔
عرب میڈیا کے مطابق ابھا ہوائی اڈے کی کار پارکنگ میں حوثیوں کے ڈرون طیارے نے ایک بم گرایا جس کے نتیجے میں ہوائی اڈے پرموجود گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 10 منٹ پر ایرانی حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوںنے ابھا ہوائی اڈے کودہشت گردی کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے ابھا ہوائی اڈے کے مسافروں، مقامی شہریوں اور غیرملکی باشندوں کی زندگیوں کوخطرے میں ڈالنے کی مجرمانہ کوشش کی ہے کیونکہ روزانہ اس ہوائی اڈے سے ہزاروں افراد سفر کرتے ہیں۔حوثیوں کے دہشت گردانہ حملے کے بعد ایک گھنٹے کے لیے ابھا ہوائی اڈے پر فضائی ٹریفک متاثر رہی جس کے بعد طیاروں کی آمد ورفت بحال کردی گئی ہے۔
ابھا ہوائی اڈے کی طرف سے اپنی ویب سائیٹ پرجاری ایک بیان میں حوثی شدت پسندوں کے حملے کے باعث پروازوں میں تاخیر پرمعذرت کے ساتھ فلائیٹ آپریشن کے معمول کے مطابق بحال ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حوثی شدت پسندوں کی طرف سے سعودی عرب کے ابھا ہوائی اڈے پر کیے گئے ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت جاری ہے۔ یمن کی وزارت خارجہ نے ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے حملے کو کھلم کھلا دہشت گردی قراردیا ہے۔
یمنی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ حوثی ملیشیا اپنے مجرمانہ عزائم کی تکمیل کے لیے معصوم شہریوں اور شہری املاک پرحملے کررہی ہے۔ ابھا ہوائی اڈے پرحملہ حوثیوں کے ہاتھوں بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق اور بین الاقوامی اصولوںکی کھلی خلاف ورزی اور خطے میں ایران کے بڑھتے غیرقانونی اثرو رسوخ کا واضح ثبوت ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو سعودی عرب کے فضائی دفاع نے حوثیوں کے دو بم برادر ڈرون طیارے فضائی حدود میں مار گرائے تھے۔ قبل ازیں حوثی ملیشیا نے ابھا ہوائی اڈے پر گولہ باری کی تھی جس کے نتیجے میں 26 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔ سلامتی کونسل نے سعودی عرب میں ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا کی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔