بخاری شریف صرف ایک حدیث کی کتاب نہیں بلکہ علوم کا سمندر ہے !  دارالعلوم وقف دیوبند میں تعلیمی سال کے آغاز مولانا محمد سفیان قاسمی کا خطاب 




دیوبند: (سمیر چودھری) ایشیا کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں تعلیمی سال نو کا آغاز بخاری شریف کے افتتاحی درس سے کیا گیا، اس موقع پر دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے بخاری شریف کا افتتاحی درس دیا اور طلبہ سے خصوصی خطاب کیا ۔

انہوں نے بخاری شر یف اور امام بخاری کی عظمت وتقدس پروضاحت سے گفتگو کی اور کہا کہ امام بخاری نے پہلی حدیث میں اس جانب اشارہ دیدیا کہ اعمال کا مدار آپ کی نیتوں پر ہے۔ لہٰذا اپنی نیتوں کو خالص کرلیجئے، محض رضائے الٰہی کی خاطر اپنے آپ کو حصول علوم نبویؐ میں مصروف کرلیں،آپؐ کی سیرت میں تمام نظامہائے حیات موجود ہیں اور پھر جس کتاب کا آپ آغاز کر رہے ہیں اس میں وہ تمام احادیث جمع ہیں جن کا تعلق انسان کی انفرادی زندگی سے بھی اجتماعی زندگی سے بھی، داخلی زندگی سے بھی ہے، خارجی زندگی سے بھی غرضیکہ اس میں تمام شعبہ ہائے حیات اور بین الاقوامی نظام زندگی موجود ہیں۔ لہٰذا آپ اپنے طرزِ حیات کو اسلامی تعلیمات اور فرامین رسول کے مطابق ڈھالیں اور سنت نبوی کو اپنائیں۔

انہوں نے کہا کہ بخاری شریف صرف ایک حدیث کی کتاب نہیں بلکہ علوم کا سمندر ہے۔ اس سمندر سے آپ کیا حاصل کرتے ہیں یہ آپ کی محنتوں، کاوشوں اور صلاحیتوں پر موقوف ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حصول علم کے لئے آپ کا انتخاب منجانب اللہ ایک عظیم نعمت ہے جو کہ بارگاہِ ایزدی میں سجدہ شکر کی متقاضی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے اکابر و اسلاف کی علمی وراثت کی حفاظت کا فریضہ آپ کے ذمہ عائد کیا ہے۔ 

آپ اسلاف کے جانشین ہیں، اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خود کو سخت محنت کے لئے تیار کریں، اپنے افکار واعمال اور اخلاق وکردار میں اعتدال پیدا کریں،اعتدال فکر وعمل ہمارے اکابر واسلاف کا طر ۂ امتیاز ہے، لایعنی مشاغل، بے شعوری اور غفلت سے کلی اجتناب کرتے ہوئے آنے والے وقت کے لئے تیار ہوں۔ 

صدرالمدرسین وناظم مجلس تعلیمی مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے اپنے خصوصی خطاب میں طلبہ کو اکابر و اسلاف کی قربانیوں اور ان کی جاں فشانیوں سے روشناس کراتے ہوئے کہاکہ حدیث میں آتا ہے کہ حق تعالیٰ نے اس کائنات کے بنانے سے بہت پہلے لوگوں کی تقدیریں لکھ دی تھیں، اس پر صحابہ کرامؓ کے سوال کے جواب میں آپؐ نے فرمایا کہ حق تعالیٰ نے جس انسان کے لئے جس طرح کا فیصلہ فرمایا ہے اسے اسی طرح کے کاموں میں لگا دیتے ہیں، آپ کا یہاں آنا گویا عنداللہ آپ اس علم کے حصول کے لئے منتخب ہیں۔ 

جس علم کو حاصل کرنے آپ یہاں آئے ہیں یہ اکابر و اسلاف کی محنتوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے اور ان کی شبانہ روز تگ ودو اور جد وجہد کے نتیجہ میں ہم تک یہ علم پہونچا ہے اور یہ آپ سے بھی محنت و جانفشانی کا مطالبہ کرتا ہے۔انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ ادارہ کے اصول وضوابط کا لحاظ رکھیں، حاضری اور اسباق کی پابندی کاخصوصی اہتمام کریں۔مجلس کا اختتام مولاناسفیان قاسمی کی دعاء پر ہوا۔ اس موقع پر جملہ اساتذہ موجود رہے۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *