حج 2019 : عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ شروع ، عازمین حج کا پہلا قافلہ انٹرنینشل ایئرپورٹ سے روانہ ! 

پہلی بار اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمنل 3 سے عازمین حج روانہ ہوئے۔ پہلی فلائٹ میں 202 خواتین سمیت 419 عازمین حج روانہ ہوئے۔

نئی دہلی ۔ 04 جولائی 2019 

ارالحکومت دہلی کےاندرا گاندھی بین االاقوامی ہوائی اڈے کےٹرمنل 3 سے آج 419 عازمین حج سعودی عرب کے لئے روانہ ہوگئے ہیں، جن میں 202 خواتین عازمین بھی شامل ہے ۔

رات 11:50 بجے پہلی پرواز ان تمام عازمین حج کولے کر پرواز کرگئی۔ اس موقع پرحاجیوں کی آنکھوں میں وطن سے محبت اورملک کی سلامتی کے جذبات دکھائی دیئے۔ اس موقع پر ٹرمنل 3 پرحاجیوں کی روانگی کے لئے پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں اقلیتی امورکے وزیر مختارعباس نقوی، دہلی کے حج امورکے وزیر کیلاش گہلوت، وزیر ماحولیات عمران حسین، دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان اوردہلی حج کمیٹی اور مرکزی حج کمیٹی کے عہدیداران خاص طورپرحج کمیٹی آف انڈیا کے چیئرمین جناح شیخ اور سکریٹری مقصود احمد شامل ہوئے۔

مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے عازمین حج کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے کہا کہ سال 2019 میں دو لاکھ ہندوستانی مسلمان بغیرکسی سبسڈی کے حج سفرکریں گے، مختارعباس نقوی نے کہا کہ پورے ملک کے 21 ہوائی اڈوں سے 500 سے زیادہ پروازوں سے ہندوستانی مسلمان اس سال سفرحج پرجائیں گے۔ دہلی ایئرپورٹ سے دہلی کے علاوہ اترپردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، جموں وکشمیر، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش کے عازمین حج سفرکریں گے۔

قابل ذکرہے کہ آج دہلی سے روانہ ہونے والی پہلی فلائٹ سے اترپردیش کے علی گڑھ، آگرہ، میرٹھ، رامپور اوربلند شہرکے عازمین حج شامل ہیں۔ جبکہ دہلی سے تقریباً 65 فلائٹیں روانہ ہوں گی۔ روزانہ پانچ سے سات فلائٹیں سعودی عرب پرواز کریں گی۔ آخری فلائٹ 17 جولائی کو دہلی سے جائے گی۔ دہلی سے 23000 سے بھی زیادہ عازمین سعودی عرب کے لئے سفرکریں گے۔

ملک بھر کے 21 ہوائی اڈوں سے 500 سے زائد فلائٹوں کے ذریعہ ہندوستانی مسلمان اس سال حج پرجائیں گے۔ دہلی ائیر پورٹ سے دہلی کے علاوہ اتر پردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، جموں و کشمیر، پنجاب، چنڈی گڑھ، ہماچل پردیش کے حج مسافر جائیں گے۔ اس کے علاوہ بنگلورو (7 جولائی)، کالی کٹ (7 جولائی)، کوچین (14 جولائی)، گوا (13 جولائی)، سری نگر (21 جولائی) سے عازمین حج روانہ ہوں گے۔

دوسرے مرحلہ میں احمد آباد (20 جولائی)، اورنگ آباد (22 جولائی)، بھوپال (21 جولائی)، چنئی (31 جولائی)، حیدر آباد (26 جولائی)، جے پور (20 جولائی)، کولکاتا (25 جولائی)، لکھنؤ (20 جولائی)، ناگپور (25 جولائی)، رانچی (21 جولائی) اور وارانسی (29 جولائی) کو حج مسافر جانا شروع ہوں گے۔

اسی کے ساتھ ساتھ اس سال بغیرمحرم کے سفرحج پر جانے والی خواتین کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے دوگنی ہوگی۔ اس سال 2340 خواتین بغیرمحرم کے حج پر جا رہی ہیں جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 1180 تھی۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی بغیرمحرم کے حج پر جانے کے لئے درخواست دینے والی ان سبھی خواتین کو بغیرقرعہ اندازی کے حج سفرپرجانے کا نظم کیا گیا ہے۔ ہندوستان سے جانے والے دو لاکھ عازمین حج میں تقریباً 48 فیصد خواتین شامل ہیں ۔