سپریم کورٹ پہنچے گووندآچاریہ، ایودھیا تنازعہ پر کی براہ راست نشریات کی مانگ

نئی دہلی، 03 اگست(آئی این ایس انڈیا)
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق لیڈر اور آر ایس ایس کے لیڈر کے این گووندآچاریہ ایودھیا تنازعہ کیس کی برائہ راست نشریات چاہتے ہیں۔گووند آچاریہ نے ایودھیا معاملے کی آئندہ کارروائی کی برائہ راست نشریات کرانے کی مانگ کو لے کر آج (ہفتہ) سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا تھا کہ ایودھیا تنازعہ کو حل کرنے کی ثالثی کی کوششیں ناکام رہیں اور کوئی حل نہیں مل پایا ہے۔اس کے بعد ایودھیا تنازعہ معاملے پر سپریم کورٹ 6 اگست سے روزانہ سماعت شروع کرے گا۔چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی ایک آئینی بنچ نے بند کمرے میں کہاکہ تنازعہ کو لے کر ثالثی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائی ہے،لہذا اس معاملے پر 6 اگست سے روزانہ سماعت شروع کی جائے گی۔مسلم فریق کے سینئر وکیل راجیو دھون نے کہا کہ ان کے موکل نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم پی سبرامنیم سوامی کی رٹ پٹیشن کی مخالفت کی، جس میں انہوں نے معاملے پر سپیڈ اپ ٹرائل کی بات کی۔رٹ کو لے کر دھون نے ججوں سے سخت جواب کا مطالبہ کیا۔کورٹ نے کہا کہ ہم یہ دیکھیں گے۔دھون نے کہا کہ انہیں معاملے میں بحث کرنے کی تیاری کے لئے 20 دن کی ضرورت ہو گی۔انہوں نے عدالت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بحث کے وقفے کی حد کو کم نہیں کیا جائے۔آئینی بنچ نے سماعت کو ٹالنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ دھون کے اعتراضات کو سماعت کے دوران سنیں گے۔