مدھوبنی: (ایم این این) آج اسحاق انگلش میڈیم اسکول، ڈارہ مدھوبنی بہار، میں 73واں یوم آزادی بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے طلبہ و طالبات نے مختلف قسم کے رنگا رنگ پروگرام انگلش، اردو اور ہندی میں پیش کیا ۔
اسکول کے سرپرست محمد مجتبی صاحب نے پرچم کشائی کی اور پروگرام انہیں کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اسکول کے چیرمین مفتی جسیم الدین قاسمی نے کہا کہ اس اسکول کو ہم نے اس لئے قائم کیا ہے تاکہ علاقے کے بچے دنیوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم سے بھی آراستہ ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے اسکول کے بچے مستقبل میں ڈاکٹر، انجینیر، آفیسر، وکیل، بزنس مین بننے کے ساتھ ساتھ ایک سچا دیندار مسلمان بھی بنیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کو انگریزوں کے ناپاک چنگل سے آزاد کرانے میں غیرمسلموں سے زیادہ مسلمانوں کا کردار رہا ہے، اس لیے کہ حکومت مسلمانوں سے چھینی گئی تھی اس لیے انگریزوں کا اصل مقابلہ مسلمانوں ہی سے تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج مجاہدین آزادی کی لسٹ سے بہت سے مسلم مجاہدین آزادی کا نام غائب کردیا گیا ہے۔
اسکول کے پرنسپل توقیر احمد نے کامیاب طریقے سے پروگرام کا انعقاد کرایا، ان کے مطابق تعلیم کے بغیر انسان اندھا ہے، انہوں نے بچوں کے والدین سے گزارش کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو سمجھیں۔
اسکول کے ہیڈ ماسٹر قیصر الاسلام صاحب نے بہترین انداز میں پروگرام کی نظامت کی۔ اسکول کے وائس پرنسپل ماسٹر رضوان، سینئر ٹیچر ماسٹر عبد الرحمٰن اور شعبہ اسلامیات کے صدر حافظ اجتبی حسین نے بچوں کی تیاری میں تن من کی بازی لگادی جس کا اندازہ پروگرام سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ اسکول کے وارڈن قمر الدین نے انتظامی امور کو بحسن وخوبی انجام دیا۔
مہمان خصوصی مولانا نجم الہدیٰ قاسمی نے پروگرام کو سراہتے ہوئے یہ کہا کہ اس اسکول کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی اس سے ہمارا علاقہ تعلیمی میدان میں نمایاں نام کمائے گا۔
پروگرام میں گاؤں کے بہت سے معزز حضرات موجود رہے، وارڈ ممبر جناب ابو راشد، جناب رشید ٹریکٹر والے، مولانا پرویز، عبدالغفور مہاجن، حافظ مظاہر، محمد اخلاق، محمد انوار، ذوالقرنین، ایس ایم عزیر، محمد عادل، محمد کامل، جہانگیر، محمد علی وغیرہ موجود تھے۔

Leave a Reply