بی جے پی نفرت پھیلا کر لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے : اکھلیش یادو 

اکھلیش یادو نے کہا کہ آزادی سے پہلے پھوٹ ڈالو راج کرو کا جو فارمولا انگریزی حکومت نے اپنایا تھا، اس کی پیروی کرتے ہوئے آج بی جے پی نفرت پھیلا کر لوگو ں کو تقسیم کر کے راج کر رہی ہے۔

اٹاوہ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے کہا انگریزوں کی ’پھوٹ ڈالو اور راج کرو‘ پالیسی کی طرز پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت اپنے سیاسی مفاد کے لیے ملک میں نفرت کا ماحول تیار کر کے لوگوں کو تقسیم کر رہی ہے۔

اکھلیش یادو نے جمعرات کو اپنے آبائی گاؤں سیفئی سے لکھنؤ کے لیے روانہ ہونے سے قبل کہا کہ آزادی سے پہلے پھوٹ ڈالو راج کرو کا جو فارمولا انگریزی حکومت نے اپنایا تھا، اس کی پیروی کر کے بی جے پی آج نفرت پھیلا کر لوگو ں کو تقسیم کر کے راج کر رہی ہے۔ جب جب الیکشن آتے ہیں بی جے پی لیڈر حسد کی سیاست کرکے، نفرت پھیلا کر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایس پی کارکنان کو نصیحت کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ جھوٹ بولنے والا اچھے کپڑے پہنتا ہے، تبھی تو ہر آدمی اس کی بات پر یقین کر لیتا ہے۔ سپیروں کی بدحال زندگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو سپیروں کا ملک بھی کہا جاتا تھا جو ہندوستان کی اصلی شناخت مانے جاتے ہیں لیکن بدقسمتی اس بات کی ہے کہ ہندوستان کی اصلی شناخت مانے جانے والے سپیرے آج بدحالی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ ان سپیروں کے پاس نہ تو آج زمین ہے اور نہ ہی زندگی جینے کے لئے کوئی روزی روزگار۔

انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کو آج ڈسپلن اور تربیت کی بہت ضرورت ہے۔ انہیں اس بات کی اطلاع ملی ہے کہ ایک ایس پی کارکن دوسرے کارکن کو پارٹی کے بڑے لیڈروں سے ملنے میں رکاوٹ کھڑی کر رہا ہے۔ اس رجحان سے ہمیں بچنا چاہیے اور دوسرے کارکنوں کو بھی موقع دینا چاہیے۔ تب ہی کارکنوں کا احترام ہو سکتا ہے اور اس سے کارکن کی عزت بھی دوسرے کارکن کے تئیں بڑھے گی۔

مخالف پارٹیوں کے کام کاج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین کو اگر ہرانا ہے تو ان سے اچھا کام کرنے کی ضرورت ہے، ایسا تب ہی ممکن ہو سکے گا کہ جب ہم ان سے اچھا کام کریں گے۔ ہمیں اپنے مخالفین سے اچھا کام کرنا پڑے گا تب ہی ہم کامیاب ہو سکتے ہیں، بصورت دیگر ہم مخالفین کے سامنے پست ہوتے ہی رہیں گے۔