نئی دہلی (ملت ٹائمز)
سی بی آئی اور ای ڈی کی ٹیمیں بدھ کی شام سابق وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ پی چدمبرم کی رہائش گاہ پر پہنچی اور تقریباً ایک گھنٹے تک وہاں ڈیرہ ڈالنے کے بعد پی چدمبرم کو حراست میں لے لیا گیا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پی چدمبرم کو حراست میں لئے جانے کے بعد انہیں سی بی آئی کے صدر دفتر میں لے جا رہی ہے، جہاں سی بی آئی کے ڈائریکٹر اور جوائنٹ ڈائریکٹر پہلے سے ہی موجود ہیں۔ سی بی آئی کے سینئر افسر بھی یہاں پہنچ رہے ہیں، میڈیا رپورٹوں کے مطابق سینئر افسران پی چدمبرم سے پوچھ گچھ کریں گے۔
دریں اثنا پی چدمبرم کے صاحب زادہ کارتی چدمبرم نے ٹوئٹ کر کے معاملہ کو سنسنی خیز بنانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا، ”یہ سارا ڈرامہ تفتیشی ایجنسیوں کی طرف سے معاملہ کو سنسنی خیز بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔ اس مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دینے کے لئے میں کانگریس، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، کپل سبل، ابھیشیک منو سنگھوی اور سلمان خورشید کے ہم شکر گزار ہوں۔
قبل ازیں دن بھر کی رپوشی کے بعد ای ڈی کی طرف سے کارروائی اور سپریم کورٹ کی طرف سے راحت نہ ملنے کے بعد بدھ کی شام سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کانگریس کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور خود پر لگے تمام الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔
پی چدمبرم نے کہا کہ میں قانون کی عزت کرتا ہوں اور تمام ایجنسیوں کو جمعہ تک انتظار کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے یا میرے خاندان کے کسی رکن نے کوئی جرم نہیں کیا ہے اور میرے خلاف جو بھی کارروائی ہو رہی ہے وہ غلط ذہنیت کے تحت کی جا رہی ہے۔






