جمعیۃ علماء مہاراشٹر سیلاب متاثرین کی باز آباد کاری کے لئے کمر بستہ

سروے رپورٹ آنے کے بعد متاثرین کے مکانات کی تعمیر کا عزم: مولانا حلیم اللہ قاسمی 

ممبئی: مغربی مہاراشٹر کے اضلاع کولہا پور، سانگلی اور دیگر علاقوں میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے جنگی پیمانہ پر راحت رسانی کا کام جاری ہے۔صوبائی جمعیۃ کے وفدکی سروے رپورٹ آنے کے بعد ریاست کی ضلعی،شہری اور ممبئی شہر و تھانے و پالگھر کی مقامی یونٹوں کے صدور و نظماء اعلیٰ کی ہنگامی میٹنگ صفا اسکول،باب اللہ ٹینک،متصل بی وارڈ بی ایم سی آفس،ممبئی ۹ میں مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی صدارت میں منعقد کی گئی۔جس میں صوبہ سے ڈیڑھ سو کے قریب ذمہ داران نے شرکت کی۔

 جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ذمہ دار ان کے سامنے وہاں کی دردناک صورت حال بیان کی،اور اب تک مقامی،ضلعی اور صوبائی جمعیۃعلماء کی طرف سے متاثرہ مقامات پر ریلیف و راحت رسانی کے لئے کی جانے والی خدمات کا تذکرہ کیا۔

 مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ریاستی وفد کی ابتدائی سروے رپورٹ پیش کرنے کے بعد بتایا کہ اب اکثر مقام پر اناج اور کپڑے وغیرہ کی ضرورت نہیں رہی،لیکن سب سے پیچیدہ اور مشکل مرحلہ ان کی باز آباد کاری کا ہے،جس کے لئے خطیر رقم درکار ہوگی،جمعیۃعلماء نے ملک بھر میں جہاں کہیں بھی ارضی و سماوی آفات آئی تو متاثرین کی مدد اور ان کی باز آباد کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے،اور یہ تو اپنے صوبہ کا معاملہ ہے۔لہذا جمعیۃعلماء مہاراشٹر اپنی روایت کے مطابق باز آباد کاری کاکام کرے گی۔اور ایک فیملی کی رہائش کے لئے مکانات تعمیر کرے گی،جس پر ایک لاکھ روپئے کی لاگت کا تخمینہ ہے۔اس کے لئے ہمیں تیاررہنے کی ضرورت ہے۔

 جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی کی اپیل پر پوری ریاست سے تشریف لائے ہوئے ذمہ داران نے اپنی بساط کے مطابق باز آباد کاری میں حصہ لینے کاوعدہ کیا۔

      مولانا مستقیم احسن اعظمی صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ سیلاب کے قہر کی وجہ سے مغربی مہاراشٹر کی صورت حال انتہائی نا گفتہ بہ ہے،ہم سب کو متاثرین کی باز آباد کاری کے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے،نیز صاحب ثروت،اصحاب خیر حضرات سے بھی اس مد میں دل کھول کر تعاون کی اپیل ہے۔

 اس لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر تمام مخیر حضرات سے اپیل کرتی ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے دل کھول کرتعاون کریں۔ چیک، ڈرافٹ اورنقد رقم جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے دفتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ،امام باڑہ روڈ،ممبئی ۹ میں جمع کرائیں۔

 اس موقع پرسروے کرنے والے وفد کے نمائندوں اور متاثرہ علاقوں سے تشریف لائے ہوئے جمعیۃعلماء کے ذمہ داران نے بھی وہاں کی تازہ ترین صورت حال کو بیان کر نے کے ساتھ وہاں کے تقاضوں کو سب کے سامنے رکھا۔

        میٹنگ میں تشریف لائے ہوئے جمعیۃعلماء سانگلی، کرندواڑ اور اچل کرنجی کے نمائندوں کو بڑی تعداد میں نئی لنگیاں، نئے برقع، چادر،بچوں کے کپڑے،جوتے وغیرہ دیئے گئے۔

 آخر میں ذمہ داران جمعیۃعلماء مہاراشٹرنے جملہ ٹرسٹیان و کارکنان صفا اسکول بالخصوص شیخ شہاب الدین مرحوم کی اہلیہ اور محترم ابو عاصم اعظمی صاحب (ایم ایل اے و صدر سماج وادی پارٹی مہاراشٹر)کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ پروگرام صفا اسکول میں منعقد ہوا۔

SHARE
جناب ظفر صدیقی ملت ٹائمز اردو کے ایڈیٹر اور ملت ٹائمز گروپ کے بانی رکن ہیں