نئی دہلی ،3ستمبر(آئی این ایس انڈیا)
سابق وزیر خزانہ کو آج بھی آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ کیس میں عدالت سے راحت نہیں ملی اور اب انہیں 5 ستمبر تک سی بی آئی حراست میں ہی رہنا ہوگا،اگرچہ، چدمبرم کو جیل تہاڑ جیل جانے سے ضرور فی الحال راحت مل گئی ہے۔سپریم کورٹ نے سی بی آئی کو فی الحال معاملے میں عام پوزیشن برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔عدالت عظمی نے یہ بھی حکم دیا ہے 5 ستمبر تک چدمبرم کے وکیل نچلی عدالت میں راحت کی اپیل نہیں کریں گے۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ کانگریس لیڈر پی چدمبرم کی سی بی آئی حراست 5 ستبر تک جاری رہے گی۔اس دوران پی چدمبرم کے وکیل ٹرائل کورٹ میں ضمانت کی عرضی پر سماعت کا مطالبہ نہیں کریں گے۔5 ستبر کوای ڈی معاملے میں پیشگی ضمانت کی عرضی پر سپریم کورٹ فیصلہ سنا سکتا ہے۔سپریم کورٹ نے چدمبرم کو فی الحال تہاڑ جیل نہیں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔آج کورٹ میں سی بی آئی نے کہا کہ چدمبرم کی حراست کی اب ضرورت نہیں ہے اور عدالت جو بھی مناسب سمجھے وہ فیصلہ دے سکتی ہے۔اس کے بعد عدالت عظمی نے 5 ستمبر تک کے لئے سابق وزیر خزانہ کو سی بی آئی حراست میں بھیج دیا۔