بہار: 2020 میں ہونے والے مردم شماری سے قبل اپنے کاغذات کو درست کرا لیں: جمیعت علماء مشرقی چمپارن 

موتیہاری: ( فضل المبین ) جمیعت العلماء مشرقی چمپارن کی ایک اہم نشست آج جمعرات کو نکچھید ٹولہ مسجد احاطہ میں منعقد ہوئی جس میں جمیعت علماء کے عہدہ داران ، اراکین و محبین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر آئندہ 2020 میں ہونے والے مردم شماری رجسٹر میں نام اندراج کرانے کیلئے دستاویزات اور کاغذات کو تصحیح کرانے پر زور دیا گیا ۔

وہیں 2 اکتوبر سے نافذ ہونے والے نئے اراضی قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی بات کی گئی ۔

اس موقع پر جمیعت علماء مشرقی چمپا رن ضلع کمیٹی نےاپیل کی کہ: 2020 میں ہونے والے مردم شماری سے قبل اپنے کاغذات کو درست کرا لیں ۔ خاص طور پر نام ، ولدیت، تاریخ پیدائش اور پتہ کی غلطی ہو تو ضرور درست کرالیں ۔ با لخصوص ماہ ستمبر کی 30 تاریخ تک وٹر لسٹ میں نام جوڑنے اور غلطی سدھارنے کا کام شروع ہے اگر آپ کے نام یا پتہ کے اندر کسی بھی طرح کی کوئی غلطی ہو تو بذات خود www.nsvp.in جا کر درست کر لیں یا اپنے “بی ایل او” سے مل کر ضرورتصحیح کرائیں ۔

اس سلسلے میں مساجد کی کمیٹی کے ذمہ داران ، ائمہ کرام و دیگر ملی و رفاہی تنظیموں ذمہ داران سے گزارش کی گئی کہ عوام میں بیداری لانے کے لئے جمعہ میں اس کو خاص موضوع بنایا جائے ۔ اور اس کا باقاعدہ اعلان کرکے چند لوگوں کی ٹیم بنا دی جائے تاکہ کام کرنا آسان ہو ۔

ساتھ ہی اس بات پر زور دیا گیا کہ: دو اکتوبر سے نافذ ہونے والے نئے اراضی قانون کو مدنظر رکھتے ہوئے جہاں پر مسجد ، قبرستان ، عیدگاہ اور مدرسہ قائم ہے اگر خدانخواستہ رجسٹری نہ ہوئی ہو تو ضرور کرا لیا جائے ۔ تک آنے والے دنوں میں کسی طرح کی کوئی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

مذکورہ میٹنگ کی صدارت مولانا عبدالسلام قاسمی نے کی ۔ جبکہ میٹنگ میں ضلع ، سب ڈویژن اور بلاک سطح کے ذمہ داران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ خاص طور پر مولامحمد حدیث قاسمی ، مولانا طیب اسعدی ، مولانا نذر المبین ندوی ، مولانا بہاؤ الدین قاسمی ، مولانا جلال الدین قاسمی ، مولانا جاوید عالم قاسمی ، مولانا امان اللہ مظاہری و غیرہ موجود تھے۔