الغزالی انٹرنیشنل اسکول ارریہ میں یومِ اساتذہ کے موقع پر تقریب کا انعقاد




ارریہ: محصولِ علم کے ذرائع میں سے اساتذہ، کتابیں اور دیگرآلاتِ علم ہیں۔علم چاہے کوئی بھی ہو دینی یا دنیوی اس کے کامیاب حصول کے لئے مذکورہ ذرائع کا احترام ضروری ہے بصورتِ دیگر طالب علم اپنے آپ کو محرومی سے نہیں بچا سکتا۔ اِ س حوالے سے بے حد ضروری بات یہ ہے کہ گھر میں والدین اور اسکول میں اساتذہ بالکل ابتدائے عمر سے ہی ان چیزوں کی اہمیت بچوں کے دل و دماغ میں جاگزیں کرنے کی کوشش کریں کیونکہ اس عمر میں بچے سادہ لوح ہوتے ہیں ،انہیں جو سکھایا جائے گا ،آگے چل کر اُن کی زندگی میں اس کا عکس صاف نظر آئے گا۔ اِن خیالات کا اظہار یومِ اساتذہ کے موقع پر الغزالی انٹرنیشنل (جی آئی ایس) ، ارریہ، بہارمیں منعقد پروگرام میں اسکول کے چیرمین جناب شاہ جہاں ندوی نے کیا۔

اسکول کی پرنسپل محتر مہ تسنیم کوثر نے اس موقع سے اساتذہ و طلبا کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 5/ستمبر کو یومِ اساتذہ منایا جا تا ہے اور اس موقع پرطلبا ء اپنے محبوب اساتذہ سےعقیدت کا اظہار کرتے ہیں اور اپنی حیثیت کے مطابق کچھ تحفے تحائف بھی پیش کرتے ہیں۔ یوں تو فرما نبردار طلبا سال بھر اپنے اساتذہ سے عزت و احترام کا رشتہ اُستوار رکھتے ہیں لیکن اس کے اظہار کے لئے اس دن کو علامتی طور پر متعین کیا گیا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ جہاں یومِ اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کے احترام کے تئیں طلبا ء میں بیداری لائی جائے وہیں ہمارے تعلیمی نظام میں مستقل بنیادوں پر اخلاقیات کا درس بھی ہوتاکہ یہ کسی ایک دن تک محدود ہو کر نہ رہ جائے ۔

اسکول کے ڈائریکٹر جناب مدثر احمد قاسمی نے یہ پیغام دیا کہ اساتذہ کا احترام صرف طلبا کی ہی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ والدین و گارجین حضرات سے لے کر سماج کے ہر فرد کو اسکا پابند ہوناچاہئے۔اسی طرح تعلیمی اداروں کے ذمہ داروں کو بھی اُن کی عزتِ نفس اور ضروریات کا بھر پور خیال رکھنا چاہئے کیونکہ معماروں کو کمزور کرکے یا تکلیف دے کےکسی مضبوط قوم کی تعمیر ممکن نہیں ہے۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے اپنے محبوب اساتذہ مشاہ جہاں سر،ختار سر، سعد الاسلام سر،حیدر علی سر اور مس تسنیم کوثر،مس شمس جہاں، مس حلیمہ سعدیہ اور مس ثنا رحمانی کی خدمت میں عقیدتو محبت کا نذرانہ پیش کیا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *