نئی دہلی(ایم این این )
ہریانہ میں انڈین نیشنل لوک دل کے بڑے لیڈروں میں شمار ہونے والے اور اسمبلی کے سابق اسپیکر اشوک اروڑہ سمیت پانچ لیڈر ریاست میں اسمبلی انتخابات سے پہلے آج کانگریس میں شامل ہوگئے۔ کانگریس کے ہریانہ پردیش کے انچارج ا ورجنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے آج یہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ اشوک اروڑہ تین مرتبہ ممبر پارلیمنٹ رہ چکے ہیں اور ابھی آزاد ایم ایل اے جے پرکاش، ہریانہ کے سابق کابینہ وزیر سبھاش گوئل اور سابق ایم ایل اے پردیپ چودھری نے بھی کانگریس کا دامن تھام لیا ہے۔ ان کے ساتھ ان کے حامیوں نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ اس موقع پر غلام نبی ا?زاد کے ساتھ کانگریس کی ریاستی صدر کماری شیلجہ اور ہریانہ قانون سازی پارٹی کے لیڈر بھوپندر سنگھ ہڈا بھی موجود تھے۔
غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ اشوک اروڑہ چار مرتبہ ممبراسمبلی رہ چکے ہیں اور وہ کابینی وزیر کے ساتھ ساتھ اسمبلی کے بھی اسپیکر رہ چکے ہیں۔ جے پرکاش تین مرتبہ رکن پارلیمنٹ کے علاوہ چندرشیکھر حکومت میں مرکزی وزیر بھی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان لیڈروں کے کانگریس میں شامل ہونے سے کانگریس ہریانہ میں مضبوط ہوگی اور اسے بھارتیہ جنتا پارٹی کو شکست دینے میں مدد ملےگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر جمہوریت، سماجی برابری اور سیکولرزم پر یقین رکھتے ہیں اور انہیں یہ بھی لگتا ہے کہ ملک میں اگر بھارتیہ جنتا پارٹی کو کوئی شکست دے سکتا ہے تو وہ صرف کانگریس پارٹی ہی ہے۔ اس لئے ان لیڈروں نے کانگریس کے ساتھ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کماری شیلجہ اور بھوپیندر ہڈا نے بھی ان سبھی لیڈروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے پارٹی مستحکم ہوگی۔






