دیوبند: (سمیر چودھری) دارالعلوم وقف دیوبند کے مقبول استاذ حدیث مولانا محمد اسلام قاسمی ان دنوں کافی بیماری چل رہے ہیں،جن کا ماہر ڈاکٹروںکی نگرانی میںعلاج چل رہاہے۔بتادیں کہ مولانامحمد اسلام 13؍مئی 2018ء سے زیر علاج ہیں۔
بلڈ پریشر زیادہ ہونے کی وجہ سے مولانا کے دماغ کی ایک رگ میں ہلکا سا خون جمع ہو گیا تھا ، جس کی وجہ سے ان کی زبان اور گویائی متاثر ہوئی تھی۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے 21؍ دسمبر2018ء سے مولانا نے دوبارہ دورہ حدیث کے اسباق شروع کر دیئے تھے، لیکن گزشتہ16؍ ستمبر 2019ء کو اچانک سابقہ مرض عود آیا، جس سے مولانا کی آنکھوں کی بینائی کا توازن برقرار نہیں رہا تھا۔ ایم آر آئی کروانے کے بعد ڈاکٹروں نے مزید دوائیں اور انجکشن اور سخت پرہیز تجویز کیا ہے۔
یہ تفصیلات مولانا کے تلمیذِ خاص مولانا ندیم احمد انصاری نے بتائی۔ انھوں نے کہا کہ ہم استاذ محترم مولانا محمد اسلام قاسمی کے تلامذہ و متعلقین اور تمام مسلمانوں سے درخواست کرتے ہیں کہ حضرت والا کی کامل صحت کے لیے دعا فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ جلد از جلد انہیں صحت کاملہ، عاجلہ، دائمہ، مستمرہ نصیب فرمائے۔

Leave a Reply