کانگریس کے اشارے پر بابری مسجدکیس کے التواکی کوشش ہورہی ہے رام ولاس ویدانتی نے کورٹ کوگمراہ کرنے کاالزام لگایا،رام مندرکی تعمیرکے عزم کااظہار

ایودھیا،28ستمبر(آئی این ایس انڈیا)
بابری مسجدپر سپریم کورٹ میں چل رہی سماعت کے دوران رام جنم بھومی ٹرسٹ کے سینئر رکن اور بی جے پی کے سابق ایم پی ڈاکٹر رام ولاس ویدانتی نے کہاہے کہ اس وقت خوشی کی دیوالی ہوگی۔انہوں نے کہاہے کہ اب طے ہے کہ اس کیس کو بابری مسجد کی پیروی کرنے والے وکیل اور کانگریس سے منسلک کپل سبل جیسے لیڈر پھنسا نہیں پائیں گے۔سنت ویدانتی نے کہاہے کہ بابری مسجد کے وکیل سپریم کورٹ میں پیروی کے دوران غلط حقیقت پیش کرکے معاملے کو غلط سمت میں لے جانے کی باربار کوشش کر رہے ہیں۔اے ایس آئی کے حقائق پر سوال کھڑا کیا، بعد میں عدالت سے معافی مانگنا اس کی تازہ مثال ہے۔کورٹ کا وقت برباد کر صرف معاملے کو لٹکانے کے لیے ایسا کیا جا رہاہے۔بابری مسجد کے فریقین کو معلوم ہو گیا ہے کہ سارے حقائق رام مندر کے حق میں ہیں۔ ایسے میں فیصلہ بھی مندر کے حق میں بالکل تاریخی آئے گا۔فاضل ججوں کی بنچ ایسافیصلہ دے گی، جس پر کوئی سوال نہیں کھڑا کرسکے گا۔ ویدانتی نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ مندر مسجد کے اتنے پرانے کیس پر فیصلہ نہیں ہونے دینا چاہتی۔ لہٰذابابری مسجد کے وکلاءکے ذریعے جرح کو زیر التواءکرنے کی سازش کروا رہی ہے۔ویدانتی نے کہا کہ، اس سال ایودھیا میں خوشی کی دیوالی منے گی کیونکہ سنتوں اور ایودھیا کو پورا بھروسہ ہے کہ 17 نومبرتک رام مندر پر فیصلہ آ جائے گا۔انہوں نے کہاہے کہ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے رام کی نگری میں دیوالی کی اہمیت یہاں خوبصورت پروگراموں کا انعقاد کروا کر بڑھا دی ہیں۔ ایودھیا میں خوبصورت رام مندر کی تعمیر کا وقت بہت قریب ہے۔

SHARE