ارریہ: ماہِ ربیع الاول کی مناسبت سے الغزالی انٹر نیشنل اسکول، ارریہ، بہار میں ایک شاندار سیرت النبی کوئز، نعت اور تقریر مسابقے کا انعقاد عمل میں آیا۔اسکول کے بچے اور بچیوں نے دل کو موہ لینے والی نعت، قلب و دماغ و کو مسخر کر دینے والی تقریر اور نادر المثال معلومات پر مشتمل کوئز سے سامینی کو روشن اور تابناک مستقبل کا عکس دکھایا۔
نعت مسابقے میں حبیب اللہ سرور، انعم فاطمہ اور محمدعلی رحمانی نے باترتیب اول ،دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔انگلش تقریر میں عبدالرحمٰن، شہاب الدین اورعامرہ نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن اور اردو تقریر میں انعم فاطمہ، محمد علی رحمانی اور ابو طلحہ نے بہترین کار کردگی کی بنیاد پر بالترتیب اول دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔کوئز مقابلے کے فائنل میں پہونچنے والے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ گروپ (بوائز) اور حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ گروپ (گرلز) کے درمیان سخت مقابلے کے بعد حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ گروپ (گرلز) نے فتح حاصل کی۔
پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو عمائدین شہر کے ہاتھوں گرانقدر انعامات سے نوازا گیا اور مسابقے میں شریک تمام طلبا کو تشجیعی انعامات سے سرفراز کیا گیا۔ پروگرام کے پہلے جج مشہور خطیب جامع مسجد ارریہ کے امام مولانا آفتاب عالم مظاہری نے طلبا کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں محفوظ اور کامیاب مستقبل کے لئے اسی طرح دینی علوم سے ہم آہنگ عصری اسکولوں کی ضرورت ہے۔پروگرام کے دوسرے جج عربی و انگریزی زبان کے ادیب مفتی حسان جامی قاسمی نے بتایا کہ تعلیم برائے تعلیم لا حاصل امر ہے جب تک کہ اس کے پیچھے اعلیٰ مقاصد نہ ہوں ،اس پس منظر میں مجھے خوشی ہے کہ الغزالی نے بلند مقاصد کی تکمیل کی طرف مضبوط قدم اٹھایا ہے۔
پروگرام کی صدارت مشہورصحافی و اسلامی اسکالر مولانا مدثر احمد قاسمی مرکز المعارفایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر،ممبئی نے فرمائی اور نظامت کے فرائض مولانا شاہ جہاں ندوی چیر مین جی آئی ایس نے بحسن و خوبی انجام دیا۔ پروگرام کو بامقصد و کامیاب بنانے میں اسکول کی پرنسپل تسنیم کوثر، اساتذہ محمد حیدر، سعد الاسلام، محمد مختار، عبد القادر، شمس جہاں، حلیمہ سعدیہ اور ثنا ء رحمانی قابلِ قدر تعاون پیش کیا۔