ملت ٹائمز
مکرمی!
ممبئی میں ایک بڑے ٹیکنیکل ادارے میں پڑھانے والے نیز جماعت اسلامی ہند کی غیر مسلموں میں اسلام کو پہنچانے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے والی تحریک کے ایک فعال رکن ہمارے اچھے دوست ہیں اکثر بائیکلہ اسٹیشن پر ان سے ملاقات ہوتی ہے ۔ ملت کی زبوں حالی ، بے راہ روی ، طلبہ کی دھاندلی و غیر شائستہ حرکتوں پر یہ شخص بہت ہی فکر مند ہے اوراپنے ہم خیال دوستوں کی ٹیم بنا کر اصلاح معاشرہ کیلئے ہمیشہ کام کرتے رہتے ہیں ۔ چند دنوں پہلے کسی مخیر صاحب نے انہیں بہت ساری بلینکٹس عطا کیں۔ موصوف بہت دیر تک سوچتے رہے اور ایک رات بارہ بجے کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر مع اپنی زوجہ کے نکلے اور فٹ پاتھ پر سوئے اور سردی میں ٹھٹھرے ہوئے لوگوں میں بہت ساری بلینکٹس تقسیم کیں ۔ موصوف کا کہنا ہے کہ بخدا اس کام سے مجھے بہت خوشی ہوئی اور اللہ رب العزت نے یہ جو کام مجھ سے لیا ہے اسے وہ شرف قبولیت عطا کرے ایسی دعا کی ۔ اس بات کو مجھ پر افشاں کرنا تشہیر نہیں ہے بلکہ ہم اور آپ اس سے تحریک لیں یہ منشاء ہے ۔ اس تحریر کے ذریعے ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہمیں بھی غریب ، نادار ، یتیم ، پریشان حال ، بے روزگار ، ضرورتمند اور تنگ دستوں کی ہر طرح سے مدد کرنی ہے کیونکہ یہ کام حقوق العباد میں شامل ہے جس کا بڑا اجرو ثواب ہے اللہ ہمیں ایسے کار خیر کرنے والا بنائے ۔(آمین )
ہاشم احمد چوگلے
روہا ، ضلع رائے گڑھ