کرستیان ساند-نئی دہلی: (ملت ٹائمز ڈیسک) ناروے میں ایک اسلام مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص نے کرستیان ساند شہر کے پر رونق علاقے میں پہلے ایک مجمع لگایا اور پھر لوگوں کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کرکے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔ مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کو آتشزدگی سے بچانے کے لیے نوجوان ’غازی اسلام‘ الیاس تیزی سے آگے بڑھا اور اسلام مخالف شخص کو قرآن پاک کی بے حرمتی سے روکا۔ نوجوان نے اسلام مخالف شخص کو روکنے کوشش کی تو پولیس اس لڑکے کو روکنے اور اس ملعون کو لڑکے سے بچانے کے لیے حرکت میں آئی۔
ترکی اور پاکستان نے اس واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ناروے میں ہوئے اقدامات کی مذمت کی ہے۔ ترکی کی وزرات خارجہ نے ناروے کے سفیر کو طلب کرے اپنا شدید احتجاج درج کرایا ہے ۔پاکستان نے بھی اس واقعہ پر شدید احتجاج درج کرایا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دفتر خارجہ نے ناروے کے سفیر پر واضح کر دیا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو شدید تشویش ہے۔ پاکستان ناروے کے شہر میں ہونے والی بے حرمتی کی واقعہ کی مذمت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایسے واقعات ایک ارب تیس کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو مجروع کرتے ہیں۔ پاکستان ناروے حکومت سے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتا ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے قرآن کی بے حرمتی کو روکنے والے نوجوان الیاس کو سلام پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری کا ذکر کیا ہے۔ اس کے علاوہ لکھا ’ایسی اسلامو فوبیا پر مبنی اشتعال انگیزی صرف نفرت اور انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے‘۔
ٹوئٹر پر الیاس ہمارا ہیرو ہے دو دنوں سے مسلسل ٹرینڈ کررہا ہے اور اب تک لاکھوں ٹوئٹ ہوچکے ہیں۔