بی جے پی کے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ملک گیر ’گاندھی شانتی یاترا‘ نکالیں گے، ساتھ میں ہونگے شتروگھن بھی

سابق رکن پارلیمنٹ یشونت سنہا نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) اور قومی شہریت رجسٹر (این آر سی) کی مخالفت میں ملک گیر ’گاندھی شانتی یاترا ‘ نکالے جانے کا اعلان کیا

ممبئی: سابق رکن پارلیمنٹ یشونت سنہا نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) اور قومی شہریت رجسٹر (این آرسی) کی مخالفت میں ملک گیر ’گاندھی شانتی یاترا ‘ نکالے جانے کا اعلان کیا۔

سنہا کے ساتھ شتروگھن سنہا اور گجرات کے سابق وزیر اعلی سریش مہتا نے یہاں ممبئی پریس کلب میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے اپالو باندرہ سے شروع ہوئی یہ یاترا پونے، گجرات کے سابرمتی اور پوربندر ہوتے ہوئے اتر پردیش اور ہریانہ کی یاترا کے بعد 30 جنوری کو راج گھاٹ پر دھرنے کے ساتھ اختتام پزیر ہو گی۔

گجرات کے سابق وزیر اعلی سریش بھائی مہتا نے گجرات کے لوگوں اور تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس یاترا کو کامیاب بنائیں اور لوگوں تک پیغام پہنچائیں۔ سی اے اے 2019 کے خلاف انہوں نے کہا کہ یہ ایک فرقے کے خلاف غیر آئینی اور امتیاز پر مبنی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سی اے اے کو منسوخ کیا جائے اور این پی آر-این آر سی کو نافذ نہیں کیا جائے۔ اتر پردیش کی ریاستی دہشت گردی پر پولیس کی سرزنش کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ یاترا خاص طور پر اتر پردیش میں ہونے جا رہی ہے، تاکہ پولیس کی بربریت کی مخالفت کی جا سکے۔ ہم ڈرے ہوئے نہیں ہیں، ہم دیکھیں گے۔ رام پرساد بسمل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے‘۔