مرکزی وزیر سنجیو بالیان کاپھر متنازع بیان: جے این یو-جامعہ کاعلاج کر دیں گے مغربی یوپی کے لوگ

 

میرٹھ(آئی این ایس انڈیا)اتر پردیش کے میرٹھ شہر میں بدھ کو شہریت ترمیم قانون کو لے کر ہوئی ریلی میں مرکزی وزیر سنجیو بالیان نے ایک متنازع بیان دیا۔ریلی کے دوران بالیان نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے کہا کہ وہ جے این یو اور جامعہ ملیہ یونیورسٹی میں مغربی اترپردیش کے 10 فیصد ریزرویشن دلوا دیں، یہاں کے لوگ سب کاعلاج کر دیں گے۔بالیان نے کہاکہ میں راج ناتھ سنگھ سے درخواست کروں گا کہ جو جے این یو، جامعہ میں ملک کی مخالفت میں نعرے لگتے ہیں، ان کا علاج ایک ہی ہے،مغربی اتر پردیش کا وہاں پر 10 فیصد ریزرویشن کروا دو، سب کا علاج کر دیں گے،کسی کی ضرورت نہیں پڑنے کی۔ بتا دیں کہ اسی ریلی میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کسی بھی ہندوستانی مسلمان کو کوئی چھو تک نہیں پائے گا اور انہوں نے ان خدشات کو مسترد کیاکہ اگر این پی آر اور اےن آرسی کو لایا جاتا ہے تو کمیونٹی کو نشانہ بنایا جائے گا۔
راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ہم حکومت نہیں، بلکہ ملک بنانے کے لئے سیاست کرتے ہیں۔سنگھ نے کہا کہ ہم نے (پچھلی حکومت میں) شہریت ترمیم قانون بنایا تھا لیکن اس دوران اس کا اطلاق نہیں ہو سکا تھا اور اس بار ہم نے یہ کر دکھایا۔انہوں نے کہاکہ اس قانون کو اب ہندو اور مسلم کے نقطہ نظر سے دیکھا جا رہا ہے،ہمارے وزیر اعظم مذہب سے الگ انصاف کی بات کرتے ہیں،گاندھی جی نے بھی کہا تھا کہ مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں ہونا چاہئے،ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے نعرے لگائے جا رہے ہیں، ساری دنیا ہندوستان کی طاقت قبول کر رہی ہے۔