این آرسی -سی اے اے پر پون ورما کے خط کو نتیش کمار نے غیر اہم قرار دیا

پٹنہ (آئی این ایس انڈیا)بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری پون ورما پر ایک بار پھر بھڑک گئے۔ صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ پون ورما پر کارروائی کریں گے؟ اس کا نتیش نے کوئی جواب نہیں دیا، لیکن ناراض پون ورما کو جم کر کھری کھوٹی سنائی۔ نتیش سے جب پون ورما کے خط پر سوال پوچھ گیا پھر انہوں نے کہا کہ یہ کوئی خط ہے؟ ایک میل بھیج دیجئے اور میڈیا میں بیان دے دیں۔ٹویٹ کرکے اور میڈیا میں بیان دے کر پون ورما کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟ ان کا خط کوئی اہمیت نہیں رکھتا ہے۔ جمعہ کو جن نائک کرپوری ٹھاکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد نتیش نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران یہ باتیں کہی۔اس سے پہلے جمعرات کو شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کی مخالفت کر رہے جے ڈی یو لیڈر پرشانت کشور اور پون ورما کو نتیش نے دو ٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ جسے جہاں جانا ہے چلے جائے۔ کچھ لوگوں کے بیان سے جے ڈی یو کو نہیں دیکھنا چاہئے۔ جے ڈی یو سختی سے اپنا کام کرتی ہے، ہم لوگوں کا موقف صاف ہوتا ہے۔ ایک بھی چیز پر ہم لوگ کنفیوژن میں نہیں رہتے، اگر کسی کے ذہن میں کچھ ہے تو آکر بات چیت کرنی چاہئے، پارٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرنی چاہئے۔وزیر اعلی نتیش کمار کے بیان پر پون ورما نے کہا تھا کہ میں نے صاف صاف کہا ہے کہ جب تک میرے خط میں اٹھائے گئے سوالات کا نتیش کمار جواب نہیں دیتے تب تک میں کوئی فیصلہ لینے نہیں جا رہا ہوں۔ سابق ایم پی پون ورما نے سی اے اے پر پارٹی کے فیصلے کےخلاف نتیش کمار کو خط لکھا تھا۔ منگل کو پون ورما نے کہا تھا کہ نتیش کو اےن آرسی اور سی اے اے جیسے حساس موضوع پر اپنا رخ واضح کرنا چاہئے۔ پون ورما نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اور جے ڈی یو کے اتحاد پر بھی ناراضگی ظاہر کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ نتیش نے میرے خط کا جواب نہیں دیا ہے. جواب ملنے کے بعد فیصلہ کروں گا کہ پارٹی میں رہوں گا یا نہیں۔