ویڈیو سامنے آجانے کے بعدبھی جامعہ میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں اگر کسی پر ایکشن نہیں لیا جاتا تو حکومت کی نیت پوری طرح سے ملک کے سامنے آجائے گی:پرینکا گاندھی

نئی دہلی(یو این ائی )
کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے جامعہ تشدد پر مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دہلی پولیس پر سچ نہ بولنے کا الزام لگاتے ہوئے اتوار کو کہا کہ قصورواروں کے خلاف حکومت کو کارروائی کرنی چاہیے۔
پرینکا گاندھی واڈرا نے ٹوئٹ کے ساتھ ایک ویڈیو شیئرکرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار جامعہ کی لائبریری میں طلبہ کو پیٹ رہے ہیں جبکہ دہلی پولیس اور امت شاہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے کسی بی طالب علم کو نہیں پیٹا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا، ”دیکھئے کیسے دہلی پولیس پڑھنے والے طلبہ کو اندھا دھند پیٹ رہی ہے۔ ایک لڑکا کتاب دکھا رہا ہے لیکن پولیس والا لاٹھیاں چلائے جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ اور دہلی پولیس کے افسروں نے جھوٹ بولا کہ انہوں نے لائبریری میں گھس کر کسی کو نہیں پیٹا۔ اس ویڈیو کو دیکھنے کے بعد جامعہ میں ہوئے تشدد کے سلسلے میں اگر کسی پر ایکشن نہیں لیا جاتا تو حکومت کی نیت پوری طرح سے ملک کے سامنے آجائے گی۔“
اس دوران سماجوادی پارٹی نے بھی ایک ٹوئٹ کرکے اس معاملے میں عدالت کی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔پارٹی نے کہا، ”دہلی پولیس کا بھیانک چہرہ بے نقاب! وزیر داخلہ کے حکم پر جامعہ لائبریری میں پڑھائی کرنے والے بےقصور طلبہ پر پولیس نے وحشیانہ کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج کی، سماجوادی پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔ عدالت سے نوٹس لے کر کارروائی کی اپیل۔“