کورونا کے قہر سے اٹلی ہوا بے حال، اب تک 2158 لوگ لقمۂ اجل، سعودی عرب میں کورونا کے 15 نئے معاملوں کے ساتھ کل تعدا د ہوئی 133

اٹلی میں 21 فروری کو کورونا وائرس سے موت کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا اور دھیرے دھیرے اموات کی رفتار تیز ہوتی چلی گئی۔

روم: اٹلی میں خطرناک کورونا وائرس کی کوئی روک تھام نظر نہیں آ رہی ہے اور اس وائرس کی زد میں آ کر اب تک 2158 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ شہری دفاعی محکمہ کی صدر اینجیلو بیرلو نے پیر کے روز بتایا کہ اب تک 23073 لوگ اس وائرس کے زد میں آ چکے ہیں اور تقریباً 2749 مریض تندرست ہو گئے ہیں جبکہ 2158 لوگوں کی کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد موت ہو گئی ہے۔ اٹلی میں 21 فروری کو کورونا وائرس سے موت کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا اور دھیرے دھیرے اموات کی رفتار تیز ہوتی چلی گئی۔

واضح رہے کہ اٹلی میں اتوار تک 20603 لوگ کورونا وائرس سے متاثر تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس (كووڈ 19) کے قہر سے لڑنے کے لئے چین ماہر ڈاکٹر کی ایک ٹیم سمیت اٹلی کی مدد کی مدد کے واسطے طبی مصنوعات کی فراہمی بھی کرے گا۔ چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ اٹلی کی مدد کرنے کے لئے مستقبل میں چین ڈاکٹروں کی ایک اور ٹیم نیز ضروری طبی ادویات کی فراہمی اور انسانی مدد کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ چین کے ہوبائی صوبے کے دارالحکومت ووہان سے پاؤں پھیلانے والے جان لیوا کورونا وائرس کی زد میں اب تک دنیا کے 150سے زائد ممالک آ چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے درمیان گزشتہ دنوں اسے عالمی وبا قرار دے دیا۔ چین میں اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3213 ہو گئی ہے اور 80860 لوگ اس وائرس سے متاثر ہیں۔

ریاض: کورونا وائرس کا قہر پوری دنیا میں جاری ہے اب سعودی عرب میں اس وائرس کے 15 نئے معاملوں کے بعد ملک میں متاثرین کی کل تعداد 133 ہو گئی ہے

جہاں چین میں کورونا وائرس پر قابو ہوتا نظر آ رہا ہے وہیں اٹلی میں مرنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس کی وجہ سے تیسری موت ممبئی سے رپورٹ ہوئی ہے۔ ادھر سعودی عرب میں کورونا کے مزید 15 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اسپین سے آنے والی ایک خاتون کورونا وائرس کا شکار ہوئی ہے۔ اسے الظہران میں ایک طبی مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل القطیف میں ایک خاتون سعودی شہری کورونا کا شکار ہوئی ہے۔

برطانیہ، فرانس، سوئٹزرلینڈ اور اردن سے آنے والے چار شہریوں کو الریاض کے ایک اسپتال میں قائم قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔ ادھر مراکش سے واپس آنے والے دو سعودی شہریوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہیں جازان کےایک اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ا ن خبروں کی وجہ سے سعودی عرب میں خوف کا ماحول ہے۔

سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں سوئٹزرلینڈ، امریکا اور فرانس سے تعلق رکھنے والے تین شہری شامل ہیں جنہیں جدہ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ایک افغان شہری جو افغانستان سے واپس آیا، کورونا سے متاثر ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد 133 ہو گئی ہے۔