اسپین اور فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ، امریکہ میں 42 ہزار سے زیادہ مریض

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹلی میں 4790 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 602 افراد ہلاک ہوئے۔ اتوار کو اٹلی میں 651 اور ہفتے کو 793 افراد جان سے گئے تھے جبکہ پیر کو ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم ہو کر602 رہی ۔ ان اعدادوشمار سے معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ ہفتے وبا میں تیزی کے بعد اب اٹلی میں اس کی رفتار سست ہورہی ہے اور لاک ڈاؤن کو ٹھیک دو ہفتے بعد اس کے مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ اٹلی میں 9 مارچ کو لاک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا تھا۔

دوسری طرف اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد روزانہ بڑھ رہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وہاں 4321 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 539 افراد ہلاک ہوئے۔ اتوار کو اسپین میں 391 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ یہ بالکل ویسی ہی صورتحال ہے جس کا اٹلی کو ایک ہفتے پہلے سامنا تھا۔ اس طرح یہ خدشہ بڑھ رہا ہے کہ اسپین میں آئندہ چند دن کے دوران وبا کی ہلاکت خیزی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایران میں ایک ہی رفتار سے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ پیر کو مزید 1411 کیسز کی تصدیق ہوئی اور 127 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح ایران میں مریضوں کی تعداد 23 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 1812 تک پہنچ گئی ہے۔ اٹلی میں کیسز 64 ہزار اور ہلاکتیں 6078 ہوچکی ہیں۔ اسپین میں کیسز 33 ہزار اور ہلاکتیں 2206 ہیں۔

اٹلی اور اسپین کے بعد سب سے زیادہ تیزی سے امریکہ میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے۔ روزانہ بڑی تعداد میں لوگوں کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ پیر کی شام تک 9 ہزار نئے کیسز کی تصدیق ہوچکی تھی جبکہ 101 افراد ہلاک ہوچکے تھے۔ دن کے اختتام تک اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اب تک امریکہ میں 42 ہزار سے زیادہ مریض سامنے آچکے ہیں جو چین اور اٹلی کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔ یہاں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 520 ہے۔

چین میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 9 افراد چل بسے۔ ملک میں اب تک 72 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جس سے امید ہوئی ہے کہ دوسرے ملکوں میں بھی یہی رجحان رہے گا۔ چین میں اس وقت ایکٹو کیسز پانچ ہزار سے کم ہیں۔

ایک اور ملک جو کرونا وائرس سے ہلاکتیں روکنے میں کامیاب دکھائی دیتا ہےوہ جرمنی ہے۔ وہاں پیر کو 4 ہزار نئے کیسز کی تصدیق ہوئی اور مریضوں کی کل تعداد 29 ہزار تک جاپہنچی لیکن مجموعی ہلاکتیں 116 ہیں جو دوسرے ملکوں سے بہت کم شرح ہے۔

برطانیہ میں پیر کو 54 ہلاکتوں کے بعد مجموعی تعداد 335 اور فرانس میں 186 ہلاکتوں کے بعد کل تعداد 674 ہوگئی ہے۔ برطانیہ میں اب تک ساڑھے 6 ہزار اور فرانس میں تقریباً 20 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں۔ فکر کی بات یہ ہے کہ ان میں روزانہ پہلے کی نسبت اضافہ ہورہا ہے اور وائرس کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے۔

گزشتہ تین ماہ کے دوران نیپال میں کرونا وائرس کا صرف ایک مریض سامنے آیا تھا اور وہ بھی صحت یاب ہوگیا تھا۔ لیکن پیر کو ایک اور مریض کی تصدیق ہوگئی۔ اب حکام کو تشویش ہے کہ ملک میں وائرس خاموشی سے پھیل رہا ہے۔

(بشکریہ،وائس آف امریکہ)