نئی دہلی: (پریس ریلیز) افغانستان میں ایک مذہبی مقام پر ہوئے حملہ کی آل انڈیا ملی کونسل نے شدید مذمت کی ہے او راسے غیر انسانی عمل بتاتے ہوئے افغانستان حکومت سے حملہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی کی مانگ کی ہے ۔ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے کہاکہ کسی بھی مذہبی مقام پر حملہ کرنا اور اسے نشانہ بنانا دنیا کی سب سے بدترین دہشت گردی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس موقع پر ہم اپنے سکھ بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ مسلم اور سکھ کے باہمی تعلقات بہت گہرے ہیں ،ہمیشہ اور ہر ایک موقع پر سکھ مسلم ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں ۔دونوں کمیونٹی کے تعلقات کے ساتھ ہر جگہ بھائی چارہ اور محبت کا پیغام جاتاہے ۔ یہ حملہ دونوں کمیونٹی کے درمیان تعلقات کو خراب کرنااور ماحول کو پراگندہ کرنے کی سازش ہے لیکن شرپسند عناصر اس میں کامیاب نہیں ہوسکتے ہیں اور سکھ مسلم اتحاد ہمیشہ کی طرح آگے بھی جاری رہے گا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں افغانستان کی راجدھانی کابل میں ایک گردوارہ پر حملہ ہواتھا ۔اس حملہ کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے ۔