جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق جمعے کی شام 5:50 منٹ تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب اموات اور نئے کیس سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں مزید 400 سے زیادہ افراد کی اموات واقع ہوئی ہیں اور 18 ہزار سے زیادہ نئے کیسوں کا اندراج ہوا ہے۔ یہ ایک روز کے اندر اموات اور متاثرین کی ریکارڈ تعداد ہے۔
جونز ہوپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے مقامی وقت کے مطابق جمعے کی شام 5:50 منٹ تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ متاثرین کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ نیویارک میں ہوا۔ امریکہ میں کورونا کے مجموعی کیسوں میں نصف سے زیادہ نیویارک میں سامنے آئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں وہاں کے aسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں۔
امریکہ میں کورونا کے کیسوں کی تعداد اٹلی سے تقریبا 15 ہزار اور چین سے تقریباً 20 ہزار زیادہ ہے۔ اس وبا سے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ کے بعد اٹلی دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں امراض کی روک تھام اور ان سے تحفظ کے مراکز کے مطابق ملک میں کورونا سے فوت ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 1700 سے زیادہ ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے کیسوں کی مجموعی تعداد کا ایک تہائی حصہ صرف تین ملکوں امریکہ، اٹلی اور چین میں ہے۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
گزشتہ ہفتے تقریباً 33 لاکھ امریکیوں نے بے روزگاری الاؤنس حاصل کرنے کی درخواستیں پیش کیں۔ تیس کروڑ نفوس کی آبادی والے ملک میں اسپتالوں میں آنے والے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد گنجائش سے تجاوز کر رہی ہے۔ اس دوران 40 فی صد امریکی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کے لیے گھروں میں بند ہیں۔
ماہرین کے مطابق متاثرہ افراد کے حوالے سے نئے اعداد و شمار سے یہ توقع ہے کہ اس وبائی مرض کے سبب جان سے ہاتھ دھونے والے امریکیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ امریکہ میں متاثرہ افراد کی حقیقی تعداد سرکاری طور پر بیان کی گئی تعداد سے کافی زیادہ ہو سکتی ہے کیوںکہ متعلقہ ٹیسٹ کے وسائل کے حوالے سے شدید قلت ہے۔