امریکہ میں اب تک کورونا سے تقریباً 13 ہزار لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ یہاں پر کورونا کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں اور متاثرین کی تعداد 4 لاکھ کے پار پہنچ چکی ہے جو کسی بھی ملک کے مقابلے بہت زیادہ ہے۔
ہندوستان سمیت پوری دنیا میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ چین اور اٹلی کے بعد امریکہ میں سب سے زیادہ اس مہلک بیماری کا قہر دیکھا جا رہا ہے۔ موجودہ وقت کی بات کریں تو امریکہ کی حالت انتہائی بدتر ہے اور یہ ملک موت کا کنواں بنتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ امریکہ میں روزانہ سینکڑوں لوگ اس بیماری سے ہلاک ہو رہے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے تازہ اعداد و شمار خوفزدہ کرنے والے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر ہی امریکہ میں ریکارڈ 2000 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔
United States reports nearly 2,000 #Coronavirus deaths in last 24 hours: AFP news agency quoting Johns Hopkins
— ANI (@ANI) April 8, 2020
امریکہ میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 13 ہزار پہنچ گئی ہے۔ یہاں پر کورونا کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مریض کسی بھی ملک سے زیادہ ہیں۔ اب تک امریکہ میں 4 لاکھ سے زیادہ لوگ اس وائرس کے انفیکشن میں مبتلا ہو چکے ہیں، جب کہ دوسرے نمبر پر اسپین ہے جہاں تقریباً 1 لاکھ 42 ہزار کورونا انفیکشن کے مریض ہیں۔ تیسرے اور چوتھے مقام پر اٹلی اور فرانس ہے جہاں متاثرین کی تعداد بالترتیب 1 لاکھ 35 ہزار اور 1 لاکھ 10 ہزار ہے۔ پانچویں نمبر پر 1 لاکھ 7 ہزار متاثرین والا ملک جرمنی ہے اور چین کا نمبر اس کے بعد یعنی چھٹے مقام پر ہے جہاں کورونا انفیکشن کے مریضوں کی تعداد تقریباً 82 ہزار ہے۔
بہر حال، کورونا کی وجہ سے ہوئی اموات پر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنا رد عمل پیش کرتے ہوئے کہا کہ “موت کی نئی تعداد امکان سے کم ہے۔ ہم بنیادی طور پر اپنی سوچ کے مقابلے میں بہت کم اموات دیکھ رہے ہیں۔” انھوں نے مزید کہا کہ “مجھے لگتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں بڑھ رہے ہیں، لیکن اس کے بارے میں بات کرنا ابھی جلد بازی ہوگی۔”