کورونا، سعودی حکومت کا ماہ رمضان میں نماز تراویح کا اہتمام نہ کرنے کا فیصلہ

ریاض: سعودی عرب کی حکومت نے عالمی وبا کورونا وائرس کوویڈ 19 کے پیش نظر رمضان میں مساجد میں نماز تراویح کا اہتمام نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک کورونا کی وبا ختم نہیں ہو جاتی تب تک مساجد میں نماز پر پابندی ہو گی۔
سعودی حکومت نے لوگوں کو گھروں میں تروایح اوردیگر نمازیں پڑھنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب سعودی حکومت نے نماز جنازہ کے دوران پانچ، چھ لوگوں سے زائد کے جمع ہونے پر بھی پابندی لگا دی ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے 429 نئے مریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 462 ہو گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 7 مریض جان کی بازی ہار گئے، کورونا سےمرنےوالےمریضوں کی تعداد 59 ہو گئی۔
یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں 109,654 افراد ہلاک اور 17 لاکھ 90 ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں۔امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزارسے تجاوز کر گئی ہے۔

امریکہ میں آج بھی کورونا سے ایک ہزار 7 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 20 ہزار 5 سو سے تجاوز کر گئی۔فرانس میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے تیرہ سواکتالیس افراد ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 13 ہزار 8 سو سے بڑھ گئی جبکہ ایک لاکھ 29 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔اسپین میں کورونا کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہو چکے اور چوبیس گھنٹوں میں مزید 525 افراد ہلاک ہوئے۔
جرمنی میں کورونا کے ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد مریض موجود ہیں جب کہ 28 سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں 3 ہزار 346 اور نیڈر لینڈز میں 26 سو سے زائد اموات ہوئی ہیں۔اٹلی میں کورونا سے اموات کی تعداد 19 ہزار 4 سو سے تجاوز کر گئی ہیں۔
چوبیس گھنٹے میں مزید چھ سو دس افراد ہلاک ہوئے اور ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد مریض مختلف اسپتالوں میں موجود ہیں۔برطانیہ میں کورونا مزید آٹھ سو اکیاسی زندگیاں نگل گیا اور مجموعی تعداد 9 ہزار 8 سو کے لگ بھگ پہنچ چکی ہے۔ کورونا کے مریضوں کی تعداد 78 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔