بھارت میں مسلمانوں پر ہو رہے ظلم کے خلاف کویت کے وزیر خارجہ کو کونسل آف منسٹرز کا خط، سخت کاروائی کا مطالبہ

ریاض/ سعودی عرب: (محفوظ احمد) کووڈ 19 وائرس نے پوری دینا کو اس وقت اپنی زد میں لے رکھا ہے۔ اس سے ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد لاکھوں کو تجاوز کر چکی ہے۔ پوری دنیا اس وقت اس سے بے حال ہے اور ابھی تک اس کے پاس سوائے احتیاطی تدابیر کے کوئی مستقل علاج نہیں ہے چنانچہ اس سے متاثرین اور ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے ۔ پوری دنیا اس کا علاج تلاش کرنے میں سرگرداں ہے۔ لیکن انتہائی دکھ کی بات ہے ہمارے ملک ہندوستان میں اس وباء نے ایک دوسری شکل اختیار کر لی ہے اور اس کو یہاں مذہب کے نام پر ایک خاص جماعت سے جوڑے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مسلمانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے۔ دھیمے دھیمے یہ خبر پوری دنیا میں پھیل گئی، چنانچہ خلیجی ممالک میں کویت کی کونسل آف منسٹرز کے جنرل سیکریٹری مسٹر عبد اللطیف عبد اللہ روضان نے وہاں کے وزیر خارجہ ڈاکٹر احمد ناصر محمد صباح کو اس سلسلہ میں باقاعدہ ایک خط لکھ کر آگاہ کیا اور کہا کہ اس خط کے ذریعہ ہم آپ کی توجہ ہندوستان میں مسلمانوں کے اوپر ہو رہے ظلم و بربریت کی طرف مبذول کرانا چاہتے ہیں۔

اس موضوع پر بتاریخ 2 مارچ 2020ء بروز پیر ہمارے یہاں کونسل آف منسٹرز کی میٹنگ ہوئی، جس میں ہندوستان میں مسلمانوں کے اوپر ہو رہے ظلم و بربریت کے تئیں کونسل آف منسٹرز نے انتہائی دکھ کا اظہار کیا اور آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن (OIC) و انٹرنیشنل کمیونٹی (IC) سے مطالبہ کیا کہ انڈین مسلمز پر ہو رہے ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے جس سے ان کے جان و مال کی حفاظت ممکن ہو سکے جلد از جلد ضروری اقدامات کیے جائیں۔

لہذا آپ سے بھی درخواست ہے کہ اس سلسلہ میں آپ بھی مناسب کارروائی کریں۔