واشنگٹن
ملت ٹائمز۔ایجنسیاں
امریکہ نے دھمکی دی ہے کہ اگر روس نے شام کے شہر حلب پر بمباری بند نہ کی تو مذاکرات معطل کردیئے جائیں گے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاروف سے ٹیلی فون پر شامی تنازعے کے حوالے سے بات چیت کی ہے اور انہیں خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے حلب پر حملے نہیں روکے تو واشنگٹن شامی تنازع پر مذاکرات منقطع کردے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان کیری نے وزیر خارجہ سرگئی لاروف کو یہ بھی باور کرایا ہے کہ شام میں جہادی گروپوں پر حملوں کے لیے روس اور امریکا کے مشترکہ فوجی سیل کی تشکیل کا معاملہ بھی موخر کردیا جائے گا۔ترجمان نے بتایا کہ ”امریکا شام کے بارے میں روس کے ساتھ دو طرفہ بات چیت اور روابط کو معطل کرنے کی تیاری کررہا ہے۔ روس اگر حلب میں فوری طور پر حملوں کے خاتمے اور جنگی کارروائیوں کو روکنے کا عمل بحال نہیں کرتا ہے تو اس کے ساتھ کوئی گفتگو نہیں ہوگی”۔انھوں نے کہاسیکریٹری نے وزیر خارجہ لاروف پر واضح کردیا ہے کہ امریکا اور اس کے شراکت دار روس کو اس تمام صورت حال کا ذمے دار گردانتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزحلب میں روسی طیاروں کی دو ہسپتالو ں پر بمباری میں 6افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ادھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اس حملے کو جنگی جرم قراردیا تھا۔