جمعہ کی شام عرب ممالک میں سعودی عرب سمیت دوسرے ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ماہ صیام کے 30 روزے مکمل کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب کی حکومت نے کورونا وبا کی وجہ سے عید الفطر کی نماز کے لیے عوامی اجتماعات منعقد کرنے پر پابندی عاید کی ہے تاہم اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت یہ سامنے آئی ہے کہ حکومت نے عید کے روز نماز فجر کے بعد عید کی تکبیرات مساجد کے لاؤڈ اسپیکروں سے کہنے کی اجازت دی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ ملک بھر کی تمام جامع مساجد کے موذن حضرات کو ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ سنہ 1441ھ کی نماز عید الفطر کی مساجد میں ادائی پر پابندی عاید کی گئی ہے تاہم موذن حضرات مساجد کے اسپیکروں سے نماز فجر کے بعد عید کی نماز تک عید کی تکبیرات کہنے کی اجازت دی ہے۔
سرکلر میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جامع اور غیر جامع مساجد کی انتظامیہ کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ عید کی نماز مساجد میں ادا نہیں کریں گے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب، قطر، امارات، عراق اور فلسطین میں کل اتوار کو عید کا اعلان کیا گیا ہے۔ جمعہ کی شام عرب ممالک میں سعودی عرب سمیت دوسرے ممالک میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ماہ صیام کے 30 روزے مکمل کیے گئے ہیں۔