عالمی وبا کورونا کے باعث مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد نہیں ہوئے، مسجد حرام میں عید کے موقع پر چند ہی نمازی

سعودی عرب ، عراق اور اردن سمیت بعض ممالک نے عید الفطر کے موقع پر کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ رکھا گیا۔

دنیا بھر میں مسلمانوں نے اس مرتبہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے حکومتوں کی عاید کردہ پابندیوں اور لاک ڈاؤن میں عیدالفطر بالکل غیر روایتی انداز میں منائی ہے۔ بہت سے اسلامی اور غیراسلامی ممالک میں کرونا وائرس کے تعلق سے لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ ہے جس کی وجہ سے مسلمانوں نے اپنے گھروں ہی میں رہ کر عید منائی ہے اور بہت سے ممالک میں تو وہ عید کی نماز کے لیے مساجد یا عید گاہوں میں بھی نہیں جاسکے ہیں۔
البتہ اس مرتبہ ایک خاص بات یہ ہوئی ہے کہ دنیا کے ایک ارب 80 کروڑ مسلمانوں کی کثیر تعداد نے اتوار کو ایک ہی دن عید منائی ہے ۔ البتہ بھارت میں سوموار کو عید منائی جارہی ہے جہاں بیس کروڑ کے لگ بھگ مسلمان آباد ہیں اور وہ کسی بھی ملک میں مسلمانوں کی سب سے بڑی اقلیت ہیں۔
سعودی عرب ، عراق اور اردن سمیت بعض ممالک نے عید الفطر کے موقع پر کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ رکھا گیا۔ تاہم بہت سی دیگر پابندیوں میں نرمی کردی ہے۔ اسلامی ممالک میں عید کیسے منائی جارہی ہے، اس کی مختصر تفصیل یہاں بیان کی جارہی ہے:
الحرمین الشریفین کی مقدس سرزمین سعودی عرب میں حکومت کے اعلان کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہا اور مکینوں کو صرف خوراک کی اشیاء اور ادویہ کی خریداری کے لیے گھروں سے باہر جانے کی اجازت ملی۔مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد نہیں ہوئے۔