مکہ المکرمہ کی تمام مساجد اتوار سے نمازوں کے لیے کھل جائیں گی

سعودی عرب میں نئے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقررہ حفاظتی و احتیاطی اقدامات کے باعث 90 دن کی بندش کے بعد مکہ مکرمہ کی 1560 مساجد آئندہ اتوار کو نماز فجر سے کھول دی جائیں گی۔

العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور مکہ مکرمہ شاخ نے مکہ مکرمہ کی عام اور جامع مساجد نمازیوں کے لیے تیار یاں کرائی ہیں۔
تمام مساجد میں صفائی اور جراثیم سے باک کرنے کی کارروائی مکمل ہو گئی۔ نمازیوں کے درمیان مقرر فاصلے کے لیے علامتیں لگائی جا رہی ہیں۔ دو صفوں کے درمیان ایک صف چھوڑنے کی پابندی کی تاکید کردی گئی۔ بڑے قالین ہٹالیے گئے اور نمازیوں کو اپنے ہمراہ جائے نماز لانے کے لیے کہا گیا ہے۔
مکہ مکرمہ کے رضاکاروں نے اپنے محلوں میں مساجد کے انتظامات کو بہتر اور موثربنانے کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔
العزیزیہ محلے مکہ مکرمہ میں رضاکاروں کے مرکز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ابراہیم ملی نے بتایا کہ نوجوانوں نے مل کر مساجد میں نمازیوں کے درمیان فاصلے کے لیے علامتیں لگانے میں حصہ لیا اور وہ مساجد کھلنے کی صورت میں صحت و سلامتی کے ضوابط کے بارے میں نمازیوں میں آگہی مہم بھی چلا رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں وزارت اسلامی امور کے عہدیداروں نے بتایا کہ تمام مساجد سے قرآن کریم کے نسخے اور کتابیں ہٹا لی گئیں تاکہ نمازیوں کو ممکنہ طور پر کورونا وائرس لگنے کے خطرات سے بچایا جا سکے۔
اس سے قبل وزارت اسلامی امور نے 31 مئی 8 شوال کومکہ مکرمہ کے علاوہ سعودی عرب کے تمام علاقوں کی عام اور جامع مساجد کھول دی تھیں اور طے کردیا تھا کہ اگر کوئی بڑی تبدیلی واقع نہ ہوئی تو ایسی صورت میں اتوار 21 جون اتوار 29 شوال سے مکہ مکرمہ کی مساجد بھی نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی۔